آج کا نو جوان بہت سمجھدار ، گمراہ نہیں ہو گا 

Jan 29, 2023


کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ نوجوانوں کو ترقی کے لیے آزادانہ ماحول چاہیے ہوتا ہے تاکہ وہ اپنے پسند کے شعبے میں ترقی کر سکیں۔ مجھے آرٹس کونسل میں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ احمد شاہ نے نوجوانوں کو وہ ماحول مہیا کیا ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے کوشاں ہیں۔ آرٹس کونسل میں پاکستان کی یوتھ کا جوش اور ولولہ دیکھ کر اندازہ ہو رہا ہے کہ وہ بہت خوش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں یوتھ فیسٹیول کے چھٹے روز نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون مرتضی وہاب اور صدر آرٹس کونسل احمد شاہ بھی موجود تھے۔ شازیہ مری نے کہا کہ کچھ لوگ یوتھ کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں لیکن آج کا نوجوان بہت سمجھ دار ہے گمراہ نہیں ہو گا۔ اس ملک کے نوجوانوں کو روشن پاکستان چاہیے ان کو معلوم ہے کہ کون ان کے لیے کام کر رہا ہے اور کون گمراہ کر رہا ہے۔ ہمیں مل کر اس ملک کے نوجوانوں کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کراچی میں یوتھ کا جوش اور ولولہ دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے کہ قائداعظم کے اس قول پر عمل ہو رہا ہے کہ یوتھ کو ڈائریکشن کی ضرورت ہے۔ آرٹس کونسل نے نوجوانوں کو ڈائریکشن دی ہے۔ میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ صاحب کی اس کوشش کو سلام کرتی ہوں۔ احمد شاہ اس قوم کے بچوں کو اور نوجوانوں کو مضبوط کرنے کے لیے بہترین اقدامات کر رہے ہیں۔ ہمیں اس ملک کے بچوں کا برین واش نہیں کرنا، ان کو آگے بڑھانا ہے ان کو ترقی کے موقع مہیا کرنے ہیں ، مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نوجوان ہمارے ساتھ ہیں کیوں کہ ہم نوجوانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر محنت سے ایسا ہنستا مسکراتا کراچی اور پاکستانی معاشرہ قائم کریں گے جہاں لوگ اسی طرح خوش ہوں گے جیسے آج آرٹس کونسل میں لوگ خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احمد شاہ نے آئی ٹی کے کورس کرانے کا اعلان کیا ہے اس سے روز گار ملے گا۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے مرتضیٰ وہاب اور شازیہ مری کو پاکستان یوتھ فیسٹیول میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہماری نوجوان نسل ہی ہمارا مستقبل ہے۔ پاکستان یوتھ فیسٹیول کے بعد ہم تمام بچوں کو آئی ٹی کی ٹریننگ کروائیں گے۔ فیسٹیول میں Battle of The Band، گلوکاری، انسٹرومنٹ، اداکاری اور ڈانس کے فائنل میں امیدواروں کی شاندار پرفارمنس نے فیسٹیول میں دھوم مچادی۔

مزیدخبریں