ملتان (سپیشل رپورٹر) پیپلزپارٹی کے رہنما علی قاسم گیلانی نے عمران خان کی جانب سے صدر آصف علی زرداری پر لگائے گئے گھناؤنے الزام پر کہا کہ عمران خان کی جانب سے صدر آصف زرداری کے خلاف انتہائی گھٹیا، تہمت آمیز اور ہتک آمیز الزامات کا بھرپور اور قانونی جواب دیا جائے گا، عمران خان کوپاگل پن اور کھلے عام جھوٹ بولنے کی عادت ہو چکی ہے عمران خان نے بارہا تحریکِ طالبان پاکستان اور دوسرے دہشت گردوں کو اپنا "بھائی" کہا ہے اور ان کا ترجمان بننے کی پیشکش کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے 11 سال جیل میں گزارے، تشدد کا سامنا کیا، بدترین ہراسانی کا سامنا کیااور اب بھی اپنے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو مخالفین کے خلاف ہمیشہ تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرتے ہیں تاہم اس کھلے عام بہتان اور جھوٹ کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا عمران خان کو معافی مانگنی ہوگی یا ثبوت پیش کرنا ہوں گے۔
آصف زرداری پر تہمت کاقانونی جواب دیا جائے گا، علی قاسم گیلانی
Jan 29, 2023