ماضی سے سبق سیکھنا ،بہتر مستقبل کیلئے منصوبہ بندی کرنا ہوگی، شاہ محمود

ملتان (سپیشل رپورٹر) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک میں رول آف لاء کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ نااہل حکومت اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے اور عوام کی توجہ ہٹانے  کیلئے انتقامی کاررائیوں کا سہارا لے رہی ہے۔ تحریک انصاف کے دورمیں کوئی سیاسی مقدمہ نہیں بنایا گیا۔ پی پی اور ن لیگ کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے پر قائم کئے۔ جو آج کل شیرو شکر ہیں۔ عوام ان کی چالوں میں نہیں آئیں گے۔۔ملک کو افراتفری سے نکالنے کا واحد حل انتخابات ہیں۔ انتخابات واحد راستہ ہیںجس پر چل کر ملک سے افراتفری ختم کی جاسکتی ہے۔ ہمیں ماضی سے سبق سیکھنا ہوگا۔اور بہتر مستقبل کیلئے منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی پی 217 کی 8یونین کونسلوں کے نوجوانوں پر مشتمل ورکر اتحاد کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ورکر پی پی 217کے نمائندہ نوجوانوں نے سلمان نعیم گروپ کو چھوڑ کر مخدوم شاہ محمود قریشی کی حمایت کا اعلان کیا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا تحریک انصاف قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا ملک میں 64فیصد اسمبلی کی نشستیں خالی ہو چکی ہیں۔ آئین کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کی صورت میں 90دن میں انتخابات ہونے چاہئیں۔ لیکن 11دن گزرنے کے باوجود دو صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد انتخابی شیڈول کا اعلان نہیں کیا جارہا۔ امپورٹڈ حکمران اور الیکشن کمیشن ماورائے آئین اقدامات کررہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن