بابر اعظم اور کوہلی کا موازنہ قبل ازوقت ہے: مصباح الحق

 قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کا موازنہ کرنا قبل ازوقت ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی نے بہت زیادہ کرکٹ کھیل لی ہے جبکہ بابر اعظم کا ابھی آغاز ہے لہٰذا بابراعظم اور ویرات کوہلی کا موازنہ کرنا درست نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے کرکٹ میں جو کامیابیاں حاصل کیں اس کا کوئی موازنہ ہی نہیں، بابر اعظم جب ویرات کوہلی جتنی کرکٹ کھیل لیں پھر موازنہ کریں، بابر اعظم ایک کلاسیکل بلے باز ہیں، اب تک انہوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ہے، بابراعظم پاکستان کے عظیم بلے بازوں میں سے ایک ہیں، وہ ہر سال ہر فارمیٹ میں ٹاپ5 رینکنگ میں جگہ بناتے ہیں۔سابق کپتان کا کہنا تھا بابر اعظم کو جس طرح ٹارگٹ کیا گیا وہ درست نہیں ہے، کپتان ہو یا کوئی اور  کھلاڑی پہلے ہمیں چیزوں کا جائزہ لینا ہو گا، صرف بیانیہ بنانے یا دباؤ ڈالنے سے فیصلے نہیں ہونے چاہئیں،  یہ درست نہیں ہے کہ بس سوچ لیا ہے تو پھر ہٹانا ہی ہے، قومی ٹیم کی ون ڈے کرکٹ میں کارکردگی بہترین ہے۔

ای پیپر دی نیشن