جیالے اور خواتین پی پی کے ترانوں پر جھومتے رہے‘ نوجوانوں کے بھنگڑے

راولپنڈی (عترت جعفری+ محبوب صابر+ اکمل شہزاد+ رپورٹنگ ٹیم) پیپلز پارٹی کے جلسے کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ، چوہدری عبدالرحمن توکلی نے تلاوت کی۔ نعت رسول مقبول سابق طلباء رہنما راجہ نعیم نے پیش کی۔ بلاول بھٹور زرداری نے تقریر کے دوران اپنا انتخابی نشان تیر اٹھا کر لہراتے رہے۔ جلسے میں ڈویژن بھر سے رہنمائوں اور جیالوں نے شرکت کی۔ جیالے اور خواتین پیپلز پارٹی کی ترانوں پر جھومتے رہے، نوجوانوں نے بھنگڑے ڈالے، پاکستان پیپلز پارٹی سٹی کے سیکرٹری اطلاعات راجہ محمد علی منہاس نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیئے۔ این اے 47 سے امیدوار سید سبط حیدر بخاری نے بڑی ریلی لیکر جلسے میںبھرپور شرکت کی۔ خواتین پولیس اہلکار بھی بلاول بھٹو، آصفہ بھٹو کے بینرز کے ساتھ تصاویر بناتی رہیں۔ بلاول بھٹو زرداری جلسہ گاہ میں 4بجکر 30منٹ پرسٹیج پر آئے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے تقریبا 12 منٹ جیالوں سے خطاب کیا۔ بلاول بھٹو اور دیگر رہنما تقریر ختم کرنے کے بعد بھی کافی دیر تک سٹیج پر کھڑے ہو کر کارکنوں کے نعروں کا ہاتھ اٹھا کر جواب دیتے رہے۔ جلسے میں خواتین رہنمائوں نے بھرپور شرکت کی۔ امیدوار ممبر قومی اسمبلی سمیرا گل کی جانب سے خواتین کی بڑی ریلی لیکر جلسے میں شرکت کی۔ خواتین نے جئے بھٹو اور سمیرا گل کے حق میں نعر ے بازی کی۔ سمیرا گل نے تمام خواتین کو ان کی مخصوص جگہ بٹھانے کے بعد سٹیج پر چلی گئیں۔ خواتین نے پُرجوش ہو کر جلسے میں شرکت کی اور نعرے بازی کی۔ خواتین جئے بھٹو بے نظیر کے نغمے پر خوب جھومیں۔

ای پیپر دی نیشن