اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں الیکشن پر اثر انداز ہونے کے لیے پی ٹی آئی کی امریکا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کو سبوتاڑ کرنے کی منصوبہ بندی کی، اس مقصد کے لیے پی ٹی آئی کے اوورسیز ارکان اور مختلف کرداروں نے لاکھوں ڈالرز فراہم کیے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اس منصوبہ بندی کا مقصد پاکستان پر سفارتی و انسانی حقوق کے اداروں کا دباؤ بڑھانا ہے، اور اصل ہدف حکومت پر عالمی دباؤ بڑھا کر بانی پی ٹی آئی کے لیے رعایت حاصل کرنا ہے، سرمایہ کاری سے بیرونی حمایت حاصل کر کے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جائے گا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ساتھیوں کو مقدمات سے نکلوانا بھی اس منصوبے میں شامل ہے، انتخابات کو متنازع بنانا، پی ٹی آئی کو مقبول جماعت ظاہر کرنا اس منصوبے کا حصہ ہے، اہداف حاصل کرنے کے لیے اس منصوبے پر عمل درآمد کے ثبوت اداروں کو مل گئے ہیں، حکومت اور اداروں کی کردار کشی کے لیے انتہائی متعصبانہ دستاویزی فلم بھی تیار کروا لی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق 9 مئی کو فالس فلیگ آپریشن ثابت کرنے کے لیے لابسٹ فرمز ہائر کر لی گئی ہیں، بیرون ملک بیٹھے افراد فنڈنگ سے گھوسٹ رائٹرز سے آرٹیکل لکھواتے ہیں، اور آرٹیکلز لکھوا کر عوام میں انتخابات سے متعلق مایوسی اور پروپیگنڈے کو ہوا دی جاتی ہے۔
الیکشن پر اثر انداز ہونے کیلئے پی ٹی آئی کی امریکہ، پاکستان میں سرمایہ کاری کا انکشاف
Jan 29, 2024