اسلام آباد (این این آئی)سینیٹر تاج حیدر انچارج سنٹرل الیکشن سیل پاکستان پیپلز پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کوخط لکھ دیا جس میں انہوں نے این اے 73 ڈسکہ میں غیر قانونی زیر حراست تین کارکنوں کی فوری رہائی پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم تشویش کے ساتھ اطلاع دیتے ہیں کہ این اے 73 ڈسکہ، سیراں والی ہمارے الیکشن آفس میں بیٹھے پی پی پی پی کے تین بے گناہ کارکنان رانا گلزار، رانا بہادر علی اور رانا احسان کو گزشتہ رات بغیر کسی وجہ کے تھانہ ستراہ نے اٹھایا۔خط میں کہاگیا کہ پولیس وردی میں ملبوس اہلکار ہمارے الیکشن آفس میں داخل ہوئے اور ہمارے فرنیچر اور دیگر سامان کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔ہمارے امیدوار رانا محمود اشرف صبح 4 بجے تک اس تھانے میں ان کی رہائی کی کوشش کرتے رہے تاہم ڈی ایس پی ڈسکہ مسٹر سعادت نے صاف صاف کہا کہ ان کے پاس اوپر سے آرڈر ہیں اور ہم کچھ نہ کر سکتے، ڈی پی او سیالکوٹ حسن اقبال کا بھی یہی رویہ تھا۔خط میں کہاگیاکہ پولیس کھلے عام پی ایم ایل این کے امیدوار کی حمایت کر رہی ہے،ہمارے کارکنوں اور ہمدردوں کو ہراساں کیاجارہاہے،پی پی پی پی نے شام کو سری والی میں جلسہ عام کا انعقاد کرنا ہے اور پولیس کی جانب سے اس طرح ہراساں کرنے سے امن و امان کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے،آپ سے استدعا ہے کہ فوری مداخلت کریں اور حکم دیں کہ پی پی پی پی کے بے گناہ کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے۔