اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق عام انتخابات کے لیے ملک میں کل 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں،جن میں مردوں کے 25 ہزار 320 اور خواتین کے 23 ہزار 950 پولنگ اسٹیشنز ہوں گے۔ملک بھر میں 41 ہزار 405 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہوں گے۔یزائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران کے لیے خصوصی ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔ جس میں پریزائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران پولنگ سے 2 گھنٹے پہلے پولنگ اسٹیشنز پہنچیں۔ بیلٹ پیپرزکی کاؤئنٹرز فائل پر تمام معلومات کا اندراج کریں۔ مردوں کا بایاں،خواتین کا دایاں انگوٹھا لگوائیں اور بیلٹ پیپرز کی پشت پر مخصوص نمبر والی سرکاری مہر لگائیں۔الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے دوران پولنگ سے متعلق شکایات کے اندراج کے لیے واٹس ایپ ہیلپ لائن متعارف کرادی۔ووٹرز واٹس ایپ نمبر 5050610-0327 کا استعمال کرسکتے ہیں جبکہ قوت گویائی اور سماعت سے محروم افراد ویڈیو کے ذریعے اپنی شکایات پیش کر سکتے ہیں۔ای میل ایڈرس پر بھی اپنی شکایت ارسال کرسکتے ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق عام انتخابات کے لیے ملک میں کل 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ملک میں کْل رجسٹرڈ ووٹرز میں 65 سال سے زائد عمر کے ووٹرز کی شرح 10 فیصد سے کم ہو گئی۔ 2018 اور 2023 کی پولنگ اسکیموں کا موازنہ ظاہر کرتا ہے کہ 65 سال سے زیادہ عمر کے ووٹرز کی تعداد میں 16 لاکھ 70 ہزار کا اضافہ ہوا ہے لیکن کْل ووٹرز میں ان کا تناسب تقریباً ایک فیصد کم ہوگیا۔ 2023 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد بڑھ کر 12 کروڑ 86 لاکھ ہو گئی، جن میں سے 65 سے زائد عمر کے ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ 23 لاکھ یا 9.56 فیصد ہوگئی۔تمام 144 اضلاع میں سے صرف 26 اضلاع میں بزرگ ووٹرز کا تناسب 10 فیصد سے زیادہ ہے۔ ضلع گجرات اور سرگودھا میں 65 سال سے زائد عمر کے ووٹرز کی شرح 11.77 فیصد، تلہ گنگ (11.59 فیصد)، چکوال (11.43 فیصد)، چنیوٹ (10.90 فیصد)، جہلم (10.89 فیصد)، خوشاب (10.88 فیصد)، لاہور اور منڈی بہاؤالدین (10.86 فیصد) اور اٹک (10.82 فیصد) ہے۔ پنجاب کے 5 اضلاع ہیں جن میں بزرگ ووٹرز کا تناسب 9 فیصد سے کم ہے اْن میں ملتان، مظفر گڑھ، لودھراں، کوٹ ادو اور لیہ شامل ہیں۔اسلام آباد میں ووٹرز کی کل تعداد 10 لاکھ 80 ہزار ہے، جن میں سے ایک لاکھ 10 ہزار (9.91 فیصد) ووٹرز کی عمر 65 سال سے زائد ہے۔