لاہور (نیوز رپورٹر)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر و امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 122 کے امیدوار پروفیسر حافظ طلحہ سعید نے کہا ہے کہ قوم پہلے سے بار بار آزمائے ہوئے سیاست دانوں اور سیاسی مداریوں سے دور رہے اور ان لوگوں کو منتخب کرے جن کا ماضی اور حال ملک و قوم کی خدمت کا گواہ ہے۔ طویل عرصے سے پاکستان پر حکومت کرنیوالے مختلف سیاسی خاندان جنہوں نے سیاست اور حکومت کو ایک کاروبار اور ذاتی جاگیر بنا رکھا ہے اس سے قوم کو نجات حاصل کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 155 قاسم پورہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی پی 155 کے امیدوار عمر بن عبدالعزیز،ندیم باجوہ اور ملک سعید سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ جبکہ اہل علاقہ کی طرف سے ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اور مرکزی مسلم لیگ کی حمایت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے ساتھ چلنے کا عہد کیا۔ قوم انکھیں کھولے اور بار بار آزمائے ہوؤں کو نہ آزمائیں۔ پاکستان اس وقت بدترین قرضے کے بوجھ میں جکڑا ہوا ہے اور حکومت میں آنیوالی ہر پارٹی اور سیاست دان یہ کہتے ہیں کہ پاکستان کا خزانہ خالی تھا اور اسے خزانے میں حکومت سنبھالنے کے بعد کچھ بھی نہیں ملا، اگر پاکستان کا خزانہ خالی ہے تو پھر یہ دہائیوں سے حکومت کرنیوالی پارٹیاں اور سیاستدان خالی خزانے سے کیا لینے آتے ہیں ؟۔
حکومت کو ذاتی جاگیر بنا کر رکھنے والوں سے قوم کو نجات حاصل کرنا ہوگی:طلحہ سعید
Jan 29, 2024