نئی دہلی (آئی این پی ) بھارت کے معروف گلوکار بی پراک کے لائیو کنسرٹ میں پرفارمنس کے دوران سٹیج گرنے کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کی رات دہلی کے کالکا جی مندر میں کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا تھا جہاں معروف گلوکار بی پراک لائیو پرفارمنس دے رہے تھے کہ اس دوران سٹیج گر گیا جس کے نتیجے خاتون ہلاک ہوگئی جبکہ 15 سے زائد زخمی ہوگئے۔ بی پراک نے حادثہ پر رد عمل دیتے ہوئے اپنے بیان میں افسوس اور غم کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسا حادثہ پہلی بار دیکھا ہے۔ انہوں نے اس طرح کی تقریبات میں نظم و نسق کو برقرار رکھنے اور مناسب انتظام کی ضرورت پر زور دیا۔ رپورٹس کے مطابق زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ منتظمین کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔