خواجہ آصف نے سیالکوٹ کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا، عوام کو دھوکہ دے رہا: ریحانہ ڈار

Jan 29, 2024

سیالکوٹ (نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 71 میں پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار ریحانہ امتیاز ڈار نے سابق وفاقی وزیر و مسلم لیگ (ن) کے امیدوار خواجہ آصف کو واضح طور پر آگاہ کرتے کہا کہ سیالکوٹ جناح کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر و مرمت کے منصوبہ کیلئے میرے بیٹے عثمان ڈار نے جدوجہد کرکے تعمیراتی منصوبہ منظور کروایا جس پر کام جاری ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ آصف نے کبھی سیالکوٹ اور عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوئی جدوجہد نہیں کی اور اب عام انتخابات میں عوام کو ووٹ کی خاطر دوبارہ دھوکہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو خواجہ آصف عبرت ناک شکست سے دوچار ہوگا اور کامیابی کے بعد خواجہ آصف کا احتساب ہوگا۔ ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا کہ شہر سیالکوٹ میں عمران خان کے دور اقتدار میں ہونے والے یہ ترقیاتی کام خوآجہ آصف کا ایک ایک جھوٹ بے نقاب کر رہے ہیں۔ عوام 8 فروری کو ’’جھولے‘‘ پر مُہر لگائیں تا کہ خدمت کا یہ جذبہ پروان چڑھنے سے کوئی نہ روک سکے۔

مزیدخبریں