حیدرآباد (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بلدیاتی حکومتوں کی موجودگی کے بغیر صوبائی، قومی اسمبلیوں کے الیکشن نہیں ہونے چاہئیں۔ خالد مقبول صدیقی نے انتخابی مہم کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عوام دشمن نہیں نظام دشمن ہیں، آپ کے نمائندے آپ کی طرح ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین خود کو اور عوام کو تحفظ دینے میں ناکام رہا ہے۔ جو کمزور معاشرے ہوتے ہیں وہاں اقتدار مافیا اور ظالم طبقوں کو تحفظ دینے کے قانون بنتے ہیں۔ ایم کیو ایم کے کنوینر نے مزید کہا کہ آئین میں 18, ،20 ترامیم ہوچکی ہیں، ہم تین ترامیم کا مطالبہ کررہے ہیں، جس طرح وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کو یہ آئین تحفظ دیتا ہے اسی طرح یہ آئین شہری، دیہی اور ضلعی حکومتوں کو بھی تحفظ اور اختیار دے۔
پاکستان کا آئین خود اور عوام کو تحفظ دینے میں ناکام رہا: خالد مقبول
Jan 29, 2024