نواز شریف سے وفا کے 34 سال‘ سفر آخری دم تک جاری رہے گا: خواجہ آصف

Jan 29, 2024

سیالکوٹ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و امیدوار  این اے 71 خواجہ آصف نے قائدین کو پنڈال میں خوش آمدید کہا۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ آپ دونوں بھائی اور بیٹی سیالکوٹ تشریف لائے، میں قائدین اور ورکرز کے درمیان حائل نہیں ہونا چاہتا۔ 34 سال قبل جب آپ وزیر اعظم بنے تو میرے گھر آئے، آپ نے ہاتھ پکڑا اور مجھے سیاست میں لے آئے۔ یہ وفا کا سفر 34 سال سے جاری ہے جو آخری دم تک جاری رہے گا۔ آدھی عمر آپ کی رفاقت میں گزاری ہے۔ 1993 میں جب میں ایم این اے بنا تو آپ نے یہیں جلسہ کیا تھا۔ شہر نے 6 دفعہ ایم این اے بنایا ہے۔ آپ کے چاہنے والے ساتویں مرتبہ مجھے ایم این اے منتخب کریں گے۔ یہ میرا اثاثہ ہے کہ آپ کی رفاقت رہی۔ میں سپاہی کی طرح آپ کے ساتھ رہا۔ میرے خاندان کو ناز ہے۔ دریں اثناء انہوں نے گزشتہ رات یونین کونسل رنگ پورہ میں یوتھ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8  فروری کو اس ملک کی سب سے بڑی عدالت عوامی عدالت لگنے جا رہی ہے جس میں ہم سب پیش ہوں گے اور آپ بھی ہوں گے۔ آپ عوام نے ہی فیصلہ کرنا ہے کہ اس ملک کی حکمرانی کس کو سونپی جائے۔

مزیدخبریں