مکتب تشیع کے ووٹروں کو آبرو مندانہ الیکشن پالیسی دی جائے گی، علامہ حسین مقدسی

Jan 29, 2024

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کی ہائی کمان کا اہم اجلاس سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی کی صدارت میں ہیڈکوارٹر مکتب تشیع علی مسجد راولپنڈی میں منعقد ہوا جس میں عام انتخابات کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین پولیٹیکل سیل تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ذوالفقار علی راجہ نے مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے ہونیوالے رابطوں کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا ندائے ملت چارٹر پیش کر دیا گیا ہے اور اس بارے میں مذید پیشرفت جاری ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی پالیسی پر چلتے ہوئے، فرقہ ، زبان اور گروہی عصبیتوں کی بنیاد پر عملی سیاست کو زہر قاتل سمجھتے ہیں تاہم قومی روایت کے مطابق مکتب تشیع کے ووٹروں کو ۸ فروری کو ہونیوالے آمدہ عام انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے آبرو مندانہ الیکشن پالیسی دی جائے گی۔انہوںنے چیئرمین پولیٹیکل سیل کو حتمی رپورٹ جلد مرتب کرنے کی تاکید کی تاکہ الیکشن پالیسی کا اعلان کیا جائے۔ اجلاس میں مرکزی نائب صدر مخدوم فرزند علی شاہ،سیکرٹری جنرل علامہ بشارت امامی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ قمر زیدی، مرکزی رابطہ سیکرٹری حسن کاظمی، چیف کوارڈینیٹر پولیٹیکل سیل عمار یاسر علوی سمیت دیگر مرکزی عہدیداران نے شرکت کی۔ 

مزیدخبریں