اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے)روٹری انٹرنیشنل کی صدر سٹیفنی ارچک نے روٹری پاکستان کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خدمت کے متعدد شعبوں میں روٹری پاکستان کی انسانی ہمدردی کی کوششیں قابل تعریف ہیں انہوں نے کہا کہ اگر آپ کے پاس دل اور ہاتھ ہیں تو انہیں روٹری کے پلیٹ فارم سے خدمت خلق کیلئے وقف کریں تاکہ انسانیت کی بھلائی کی جا سکے اور دنیا میں پرامن معاشرے کا قیام ممکن ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سٹیفنی ارچک نے روٹری پاکستان کے انسانی ہمدردی کے منصوبوں، خاص طور پر سمارٹ ویلجز کو شاندار الفاظ میں سراہاانہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہراول دستے کے طور پر کام کرنے والے پولیو ورکرز کی کاوشیں خاص طور پر قابل تعریف ہیں جو پاکستان کو پولیو وائرس سے پاک بنانے میں ہمہ وقت مصروف عمل ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ روٹری انٹرنیشنل وقت کے ساتھ بدلتے تقاضوں کو پورا کر رہی ہے سٹیفنی ارچک نے کہا کہ "میجک آف روٹری " اس سال کی تھیم ہے تقریب میں روٹری انٹرنیشنل کی صدر کے معاون ٹوم گمپ ،روٹری انٹرنیشنل ڈائریکٹر اور روٹری پاکستان کے سینئر رہنما فیض قدوائی ، روٹری ڈسٹرکٹ 3272 کے ڈسٹرکٹ گورنرمسرورجے شیخ اور اے آر پی آئی سی عمران غزنوی بھی شامل تھے۔اس موقع پر فیض قدوائی نے روٹری کے انسانی ہمدردی پر مشتمل مقاصد کے بارے میں بتاےاکہ روٹری پاکستان سمارٹ ولیج پروجیکٹ نہ صرف گھر اور پناہ گاہوں جیسی ضروری سہولیات فراہم کر رہا ہے بلکہ اس کے طویل مدتی اور دور رس اہداف ہیں جن میں بنیادی ڈھانچہ، تعلیم اور صحت جیسے منصوبہ جات شامل ہیں فیض قدوائی نے کہا کہ ان دیہاتوں میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس، کچن گارڈن اور شمسی توانائی سے پیدا ہونے والی بجلی پہلے سے ہی لائی جا چکی ہے پاکستان میں کاروبار کو فروغ دینے اور ڈی اربنائزیشن کی طرف بڑھنے کے لیے سمارٹ ویلجز میں پیشہ ورانہ اور مالیاتی انتظام کی مہارتیں فراہم کرنے کی تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے