حسن ابدال(نمائندہ نوائے وقت)پیپلز پارٹی غریبوں کی آواز بن کر اقتدار کے ایوانوں میں گونجتی ہے۔ اس ملک کی بقاءکی خاطر اپنے خون کا نظرانہ پیش کرنے والوں کی جماعت سے وابستگی قابل فخر ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار حلقہ این اے 49 خرم شہزاد نے پریس کلب تحصیل حسن ابدال کے دورے کے موقع پر نو منتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ سٹی صدر محمد عرفان قریشی اور جنرل سیکرٹری حاجی محمد شفیق صراف بھی موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے کارکنوں کو عزت دی ہے اور عام گھرانوں سے اپنے ورکروں کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچایا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی پورے ملک کے عوام کے دلوں کی دھڑکن بن چکی ہے اور آنے والے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے حکومت بنائے گی۔