اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی ضلع اسلام آباد کی لیاقت باغ راولپنڈی میں بلاول بھٹو کے جلسے میں بھرپور شرکت، سینکڑوں گاڑیوں اور ہزاروں کارکنوں کے قافلے کی قیادت این اے 47 سے نامزد امیدوارپیپلز پارٹی سید سبط الحیدر بخاری اور مرکزی مسیحی رہنما راشد چوہان نے کی۔ اس موقع پر سید سبط الحیدر بخاری نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں نے بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان پیپلزپارٹی کے حق میں فیصلہ دیدیا۔سبط الحیدر کاکہنا تھاکہ اسلام آباد سے ہزاروں کارکنوں کی شرکت اور لیاقت باغ میں عوام کے جم غفیر نے یہ پیغام دیدیاہے کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کرتے ہیں۔وہ پارٹی جو عوام کو طاقت کاسرچشمہ سمجھتی تھی سمجھتی ہے اور سمجھتی رہے گی۔ راشد چوہان کاکہناتھا کہ وفاقی دارالحکومت سے بلاول کے جلسے میں اتنی بڑی تعداد میں کارکنوں کی شرکت سے یہ واضح ہوگیاہے کہ عوام باشعور ہوچکے ہیں 8فروری کو تیر کے نشان پر مہر لگاکر بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنائیں گے۔ راشد چوہان نے مزید کہاکہ لیاقت باغ کے جلسے میں اسلا آباد سے مسیحی برادری کی بڑی تعداد کی شرکت اس امر کی غماز ہے کہ اسلام آباد سے پیپلز پارٹی ہی میدان مارے گی۔