کلفٹن تین تلوار پر فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں پی ٹی آئی کے 5 ہزار کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔پولیس کے مطابق فیرئیر تھانے میں درج ایف آئی آر کے تحت 15 پی ٹی آئی کارکنان گرفتار ہیں، گرفتار ملزمان میں گلزار قاضی، ایاز رحیم، سلطان رحیم، عبدالستار، محمد فہیم شامل ہیں جب کہ عدم گرفتار شدہ 4 سے 5 ہزار نامعلوم صورت شناس ملزمان بھی مقدمے میں نامزد ہیں۔مقدمے کے متن کے مطابق ایک دو روز سے سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کارکنان پرتشدد احتجاج کے لیے تیاری کر رہے تھے، اتوار کی شام مختلف علاقوں سے 4 سے 5 ہزار کارکنان تین تلوار پر جمع ہوئے، پی ٹی آئی کے پاس ریلی یا جلسے کا قانونی اجازت نامہ نہیں تھا، پولیس کی جانب سے انہیں ٹریفک اور دیگر معاملات میں خلل ڈالنے سے منع کیا گیا، مقدمے میں درجن سے زائد پولیس افسران اور ملازمان کو زخمی کرنے کا الزام بھی مقدمے میں شامل ہے۔ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان کی فائرنگ اور پتھراؤ سے خوف و ہراس پھیل گیا، پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنان کی دہشتگردی کی وجہ سے دکانیں بند کر دی گئیں۔پولیس کا بتانا ہےکہ سرکار کے ذریعے درج مقدمے میں 11 مختلف دفعات اور انسداد دہشتگردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے بھی شامل کی گئی ہے۔