اسلام (خبر نگار خصوصی )چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ملک امجد زبیر ٹوانہ نے ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے معیاری فنانشل انٹیلی جنس کے استعمال اور موثر تحقیقات کو یقینی بنانے کے لئے ایف بی آر اور فنانشنل مانیٹرنگ یونٹ(ایف ایم یو) کے درمیان مستقل تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ چیرمین ایف بی آر نے یہ بات ایف بی آر۔ایف ایم یو کی فنانشل انٹیلی جنس برائے ٹیکس چوری پر منعقدہ مشترکہ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ ورکشاپ کا اہتمام ایف سی ڈی او کے UPSCALE پروگرام کے تعاون سے ستائیس اور اٹھائیس جنوری 2024 کو ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں کیا گیا۔چیئرمین ایف بی آر نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن۔ان لینڈ ریونیو اور ایف ایم یو کو تقریب کے انعقاد پر مبار ک باد پیش کی اور غیر قانونی فنانس سے نمٹنے کے مشترکہ ہدف کو حاصل کرنے کے لئے اس شراکت داری کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ چیرمین ایف بی آر نے اس موقع پر موجود برٹش ہائی کمیشن کے لیوس ایونز کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ورکشاپ کے انعقاد میں تعاون فراہم کیا۔ایف ایم یو کی ڈائریکٹر جنرل لبنیٰ فاروق نے ایف بی آر اور ایف سی ڈی او کا شکریہ ادا کیا اور ٹیکس فراڈ اور ٹیکس چوری سے نمٹنے کے لئے نالج بیس کو بڑھانے اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لئے ایف بی آر اور ایف ایم یو کے درمیان پائیدار ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ ا±نہوں نے کہا کہ باہمی تعاون پر مبنی یہ نقطہ نظر تحقیقات کو مزیدموثر بنائے گا اورمالی جرائم سے نمٹنے کے لئے زیادہ مضبوط اور مربوط فریم ورک کے لئے مفید ثابت ہو گا۔ورکشاپ میں ایف ایم یو کے تجزیہ کاروں اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کے تفتیشی افسران نے بھی شرکت کی۔ورکشاپ کا بنیادی مقصد ٹیکس جرائم سے متعلق فنانشل انٹیلی جنس کے لئے رسک ایریاز کی نشاندہی کرنا اور ان کو سمجھنا تھا۔