فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ) لیگی امیداروں نے پارٹی قیادت کے احکامات کے برخلاف اصلی شیر کے ساتھ ریلی نکالی، شیر کو پنجرے میں بند کر کے گاڑی پر حلقے کے مختلف علاقوں کا چکر لگایا گیا۔ لوگوں نے سیلفیاں بھی لیں۔
فیصل آبادکے علاقے ڈجکوٹ میں مسلم لیگ ن کے امیدوارخالد پرویز گل انتخابی مہم کے دوران اصلی شیر سڑکوں پر لے آئے۔ اصلی شیر کو پنجرے میں بند کر کے گاڑی پر حلقہ پی پی 107 کے مختلف علاقوں کا چکر لگایا۔ اصلی شیر کو دیکھنے اور اس کے ساتھ سیلفیاں بنانے کے لیے عوام کا رش لگ گیا جبکہ ہجوم کو دیکھ کر پنجرے میں بند شیر گھبرا گیا۔ واضح رہے کہ پارٹی قیادت کی جانب سے اصلی شیر ریلیاں اور جلسوں میں لانے سے منع کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میاں صاحب نے سیاسی ریلیوں میں شیر لانے کا نوٹس لیا ہے۔ جلسوں میں شیروں کو لانا پارٹی کی پالیسی نہیں۔ دوسری جانب اینمل رائٹس ایکٹوسٹ عنیزہ عمرزئی نے کہا ہے کہ ملک میں وائلڈ لاف ایکٹ سمیت قوانین موجود ہیں، اصل مسئلہ ان قوانین پر عملدر آمد ہونا ہے۔