دورہ زمبابوے کیلئے 16 رکنی ٹیم کا اعلان‘ سنٹرل کنٹریکٹ کا فیصلہ انٹیگریٹی کمیٹی کی کلیئرنس سے مشروط

Jul 29, 2011

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ زمبابوے کے لئے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ مصباح الحق کو تینوں فارمیٹ کے لئے کپتان مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ فاسٹ باولر عمرگل، وہاب ریاض، سپن باولر عبدالرحمان سمیت آل راونڈر عبدالرزاق کو آرام دیکر سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ پی سی بی نے سنٹرل کنٹریکٹ کے کھلاڑیوں کی قسمت کا فیصلہ انٹیگریٹی کمیٹی کی کلیئرنس سے مشروط کر دیا۔ شاہد آفریدی کی وجہ سے دورہ ویسٹ انڈیز سے نظرانداز ہونے والے ٹیسٹ اوپنر عمران فرحت ایک مرتبہ پھر سکواڈ کا حصہ بننے میں کامیاب ہو گئے۔ سلیکشن کمیٹی نے پی سی بی کے زیراہتمام ہونے والے فاسٹ ٹریک کوچنگ کلینک میں تربیت حاصل کرنے والے اعزاز چیمہ، جنید خان، یاسر شاہ اور سہیل خان سلیکشن کمیٹی کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ۔ دورہ زمبابوے کے لئے اعلان ہونے والے سکواڈ میں محمد حفیظ، توفیق عمر، عمران فرحت، اظہر علی، یونس خان، مصباح الحق (کپتان)، اسد شفیق، عمر اکمل، رمیز راجہ، عدنان اکمل، سعید اجمل، یاسر شاہ، سہیل تنویر، سہیل خان، جنید خان اور اعزاز چیمہ شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی کی سفارش پر چھ ریزرو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے جن میں سابق کپتان شعیب ملک سلیکشن کمیٹی کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں تاہم انہیں پی سی بی اینٹگریٹی کمیٹی سے کلیئرنس حاصل کرنا ہوگی۔ دیگر ریزرو کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، خرم منظور، شرجیل خان، محمد طلحہ اور حماد اعظم شامل ہیں۔ دریں اثناءچیف سلیکٹر محسن خان نے کہا ہے کہ دورہ زمبابوے کے لئے کھلاڑیوں کا انتخاب کوچ اور کپتان کی مشاورت سے کیا گیا علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ شعیب ملک کو سلیکشن کمیٹی نے تو فائنل کیا ہے تاہم انہیں پی سی بی انٹیگریٹی کمیٹی سے کلیئرنس حاصل کرنا ہو گی۔ جبکہ ذوالقرنین اور کامران اکمل کے نام زیرغور ہی نہیں لائے گئے۔
مزیدخبریں