ایوان صدراسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں عدلیہ اورانتظامیہ کے معاملات پر اتحادیوں سے رائے طلب کرنے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی موجودہ صورتحال پرپارلیمنٹ سے رائے لیں گے، اس موقع پرسینیٹ کا اجلاس فوری طلب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ یکم اگست کوہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے بھی حکمت عملی تیارکی گئی۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال اوردیگراہم امورپرصلاح مشورے کے علاوہ ملک میں پانی وبجلی کے بحران اورمہنگائی سے متعلق معاملات پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدرآصف علی زرداری نے اجلاس کواپنے حالیہ دورہ ایران، افغانستان اورسعودی عرب کے بارے میں بھی بتایا۔ صدراوروزیراعظم کے علاوہ حکومت کی اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں چوہدری شجاعت حسیین، ریاض پیرزادہ، بابراعوان، افراسیاب خٹک،کلثوم پروین، منیراورکزئی اورصدارتی ترجمان فرحت اللہ بابرنے شرکت کی۔ دوسری جانب سابق وزیرقانون بابراعوان کو وفاقی حکومت نے عدلیہ سے تعلقات میں بہتری کا ٹاسک بھی سونپ دیا ہے۔