اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار جسٹس (ر) وجیہہ الدین کی حمایت کے حصول کیلئے مسلم لیگ ن سمیت تمام جماعتوںکے ارکان پارلیمنٹ کو خط ارسال کر دیا ہے۔ خط میں عمران خان نے تمام ارکان پارلیمنٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات میں قوم نے آپ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے جس کے باعث آپ ملک میں قانون سازی کےلئے منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی کے ساتھ ساتھ آپ سب پر ملک کے آئندہ صدر کو منتخب کرنے کے حوالے سے بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے جس کو آپ نے آئندہ چند روز میں مکمل کرنا ہے۔ تحریک انصاف نے صدارتی انتخابات میں جسٹس (ر) وجہیہ الدین کو اپنا امیداور نامزد کیا ہے جس کا مکمل بائیو ڈیٹا میں نے آپ کو ارسال کردیا ہے امید ہے آپ ملک کے وسیع مفاد میں تحریک انصاف کے امیدوار کو بھرپور سپورٹ کرینگے۔ انہوں نے آئین کے آرٹیکل 63-Aکا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئین کے مطابق صدارتی انتخابات میں تمام ارکان پارلیمنٹ پارٹی ڈسپلن سے آزاد ہیں اور وہ جس امیداور کو بہتر سمجھتے ہیں اس کو منتخب کرنے میں آزاد ہیں۔