ہرارے (اے پی پی) بھارت نے زمبابوے کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ میزبان زمبابوے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 183 رنز پر ڈھیر ہوگئی، سین ولیمز 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے امیت مشرا نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بھارت نے ہدف 36 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان ویراٹ کوہلی نے ناقابل شکست 68 رنز بنائے۔ امیت مشرا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اتوار کو یہاں ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ بھارت کے کپتان ویراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ زمبابوے کی پوری ٹیم 46 اوورز میں 183 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئی۔ سین ولیمز 45 اور ہملٹن مساکڈزا 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھارت کی طرف سے امیت مشرا نے 4 اور محمد شامی نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ جواب میں بھارت نے ہدف 35.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ویراٹ کوہلی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 68 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں شیکھر دھون 35 اور امباتی رائیڈو 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔