بنوں(آئی این پی) ریاستوں اور سرحدی امور کے وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے متاثرین 20 کروڑ عوام کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں‘ آپریشن کے دوران تباہ ہونے والے گھر کی تعمیر کیلئے 4 لاکھ اور جزوی تباہ کیلئے 2 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی‘ 50 ہزار روپے فی خاندان اشیائے ضروریہ کیلئے مہیا کئے جائیں گے۔ وہ آئی ڈی پیز کیمپ بنوں میں ایم ڈی بیت المال شیخ عبدالوحید‘ طارق فضل اور ماروی میمن کے ہمراہ متاثرین کو عید ملنے کے بعد عید تحائف تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا تمام متاثرین کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ آپ کی واپسی اور آباد کاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ متاثرین کی قربانیوں کی وجہ سے ملک میں امن ہو گا۔ پوری قوم کو شمالی وزیرستان کے ہر فرد پر فخر ہے‘ آخری دہشتگرد کے صفایا تک ہم ڈٹے رہیں گے۔ وہ دن دور نہیں جب وزیرستان امن کا گہوارہ ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ جن لوگوں کو رقم نہیں ملی انہیں پیسے اور راشن ملے گا۔ بچوں کی تعلیم کو جاری رکھنے کیلئے شیلٹر سکولوں کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔