امریکہ اور یورپی ممالک نے پی آئی اے کی کارگو سروس پر پابندی عائد کردی

واشنگٹن، لندن، اسلام آباد (اے پی اے) امریکہ اور یورپی ممالک نے سکیورٹی صورتحال بہتر نہ بنانے پر پی آئی اے کے ذریعے بیرون ملک جانے والے سامان پر پابندی لگا دی۔ ذرائع کے مطابق امریکہ اور یورپی ممالک نے کچھ عرصہ قبل پی آئی اے کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی تھی کہ پاکستان سے امریکہ اور یورپ جانے والے سامان کی چیکنگ کے سکیورٹی معاملات ان کی مرضی کے مطابق نہیں کئے گئے جس کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق اس حوالے سے پیش رفت جاری ہے اور جلد معاملات کو حل کر دیا جائے گا۔ برطانیہ نے بھی سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر پاکستان کی قومی ائر لائن پی آئی اے کے ذریعے آنے والے کارگو پر پابندی عائد کردی ہے۔ یورپی یونین کا رکن ہونے کی وجہ سے برطانیہ کی جانب سے عائد اس پابندی کا اطلاق یورپ کے دیگر ملکوں پر بھی ہوگا۔ قومی ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی جانب سے پی آئی اے کے کارگو پر پابندی امتیازی نوعیت کی ہے جسے ہٹوانے کے لئے متعلقہ حکام سے بات چیت جاری ہے۔ واضح رہے کہ پی آئی اے کی امریکا جانے والی تمام پروازیں یورپ میں قیام کے بعد ہی اپنی اگلی منزل کی جانب روانہ ہوتی ہیں۔ اس پابندی کے باعث جہاں ملک کی برآمدات پر منفی اثرات پڑیں گے وہیں تباہی کے دہانے پر کھڑی قومی ایئر؛لائن کو بھی خطیر نقصان ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن