لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سکواش فیڈریشن نے ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ کے لئے چار رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ نمیبا میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ میںشرکت کے لئے قومی ٹیم 6 اگست کو نمیبا روانہ ہوگی۔ گوگی علاؤ الدین ٹیم کے کوچ جبکہ گروپ کیپٹن عامر نواز منیجر کے فرائض انجام دینگے۔ چیمپئن شپ کے لئے اعلان کردہ چار رکنی ٹیم میں علی بخاری، طیب اسلم، عاصم خان اور اسرار احمد شامل ہیں۔ ہر دو سال بعد ہونے والی چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم گذشتہ چار سال سے رنراپ کی پوزیشن پر آ رہی ہے۔ پاکستان جونیئر ٹیم کے کوچ گوگی علاؤالدین نے نوائے وقت کو بتایا کہ قومی کھلاڑیوں کی میگا ایونٹ کے لئے بھرپور تیاریاں ہیں۔ امید ہے کہ اس مرتبہ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ قوم کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 اگست کو ٹیم لاہور سے کراچی جائے گی جہاں سے براستہ جوہانسبرگ نمبیا پہنچے گی۔