طالبان سے مذاکرات کئے جائیں : حکومت سے بات چیت کا وقت ختم ہو چکا : عمران خان…سازشیں ناکام بنا دینگے : نوازشریف

Jul 29, 2014

بنوں /کوہاٹ (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف پر اعتماد نہیں‘ مذاکرات کا وقت ختم ہو چکا اب 14اگست کو ہی اسلام آباد میں بات ہوگی‘ طالبان سے مذاکرات فوراً شروع کئے جائیں، تحریک انصاف اور خیبرپی کے کی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے‘ سندھ اور پنجاب میں  متاثرین کو داخل نہ ہونے دینا قابل مذمت ہے‘ ہم  مشکل کی اس گھڑی میں  متاثرین  کو تنہا نہیں چھوڑیں گے‘  متاثرین  کے لئے فنڈ اکٹھا کررہے ہیں‘ یقین دلاتا ہوں کہ سارا پاکستان مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین  کے ساتھ کھڑا ہے۔ وہ  پیر کو متاثرین آپریشن کے ساتھ عید ملنے کے بعد ان سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو  کررہے تھے۔ عمران خان نے ہیلی کاپٹر کی کوہاٹ میں ہنگامی لینڈنگ کی وجہ سے متاثرین کے ساتھ  عید کی نماز میں ساتھ شرکت نہ کرنے پر  ان سے معذرت کی۔ عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی اور کے پی  کی  حکومت متاثرین کے ساتھ ہے۔ متاثرین کی مشکلات کم کرنے کے لئے خیبرپی کے  حکومت اور تحریک انصاف ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ نجی ٹی وی سے بات چیت میں انہوں نے  کہا  مسلم لیگ (ن)  نے آزادی مارچ کے خاتمے کے لئے تحریک انصاف سے رابطہ کرتے ہوئے  مذاکرات کی پیشکش کردی۔ شہباز شریف نے رابطہ کیا وہ  ہمارے مطالبات ماننے کو تیار ہیں، چودھری نثار  درباری نہیں پارٹی کے دروازے ان کے لیے کھلے ہیں ۔ نجی ٹی وی کے مطابق  سینیٹر اسحاق ڈار اور شہباز شریف نے عمران خان سے رابطہ کیا ہے  تحریک انصاف کے ترجمان  نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے  رابطوں کی تصدیق  کرتے ہوئے کہا ہے کہ  وزیر خزانہ   سے سعودی عرب میں تحریک انصاف کے ایک رہنما نے  ملاقات  کی ہے جس میں اسحاق ڈار  نے عمران خان سے رابطہ  کرنے اور مذاکرات کی پیشکش کی جبکہ شہباز شریف، تحریک انصاف کے ایک رہنما کی عیادت  کے لئے گئے تو  انہیں کہا کہ وہ مذاکرات  کرنا چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا براہ راست کوئی رابطہ نہیں ہوا  لیگی قیادت  اگر ہماری پارٹی  قیادت سے رابطہ کرے تو پھر  انہیں اپنے مطالبات  پیش کرینگے   لیکن ابھی تک لیگی قیادت  کا براہ راست کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں عمران خان نے کہا آرٹیکل 245کا نفاذ سپریم کورٹ میں چیلنج کرینگے   ہمیں خون بھی دینا پڑا  تو  دینگے اور مطالبات  کی منظوری  تک  اسلام آباد میں ہی بیٹھیں گے  فوج کو حکومت کا ساتھ نہیں دینا چاہیے  اور غیر جانبدار  رہنا چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کسی بھی کارکن  پر فوج یا پولیس کی جانب سے  ایک بھی گولی چلی  تو نواز شریف  پر قتل کا مقدمہ درج کرینگے عمران خان  نے کہا کہ طاہر القادری  کو وہ ساتھ ملا سکتے ہیں ان کے مطالبات سے کوئی اختلاف نہیں ہیں تاہم ان کے انقلاب  کے ایجنڈے سے اتفاق نہیں۔ آئی این پی کے مطابق عمران خان  کا متاثرین شمالی وزیرستان کو  اپنے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لئے دورہ   بنوں متاثرین کو مزید  دکھی کرگیا‘ عمران خان ساتھیوں  سمیت ’’وی آئی پی‘‘ دعوت میں  پُرتکلف کھانے  اڑاتے رہے جس میں ایک بھی آپریشن متاثرہ شخص  موجود نہیں تھا جس وقت عمران خان انواع و اقسام کے کھانوں کے مزے اڑا رہے  تھے عید کے باوجود ہزاروں متاثرین  راشن کے حصول کے لئے قطاروں میں لگے ہوئے تھے۔ یاد رہے کہ حکومت کو مبینہ الیکشن دھاندلی سے متعلق سوالوں کے جواب کیلئے عمران خان کی طرف سے دی گئی ڈیڈ لائن گزشتہ روز 27جولائی کو ختم ہو گئی۔
جدہ (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف نے سعودی عرب سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اصل سیاسی قوتوں کی مدد سے تمام سازشیں ناکام بنا دی جائیں گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پارلیمنٹ میں اپنا آئینی کردار ادا کرنا چاہئے۔ سیاسی قوتوں کو پارلیمنٹ کو مضبوط بنانا چاہئے کیونکہ ملک کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے۔ عوام نے مسلم لیگ ن کو 5 برس کیلئے منتخب کیا ہے اس لئے عمران خان کو چاہئے کہ اپنی باری کا انتظار کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ طاہر القادری ملک میں انارکی پھیلانے کیلئے مذہب کو استعمال کر رہے ہیں۔ عوام جمہوریت کے خلاف سازشیں ناکام بنا دیں گے۔ ملک میں بڑے ترقیاتی منصوبے شروع ہو چکے ہیں۔

مزیدخبریں