لاہور+ کراچی (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) شوال کا چاند نظر آگیا۔ آج (منگل کو) ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائیگی۔ پیر کی شام شوال کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کراچی میں واقع محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا جس میں محکمہ موسمیات کے افسران، ماہرین فلکیات اور دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کے مختلف علاقوں سے سکھر، ٹھٹھہ، جیوانی، جیکب آباد اور دیگر علاقوں سے ایک درجن سے زائد چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جبکہ کراچی، لاہور، اسلام آباداور راولپنڈی میں مطلع ابر آلود ہونے کے باعث چاند نظر نہیں آیا۔ ملک کے دیگر شہروں میں زونل اور صوبائی کمیٹیوں کے اجلاس میں بھی چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جس سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو آگاہ کیا گیا جس کے بعد شہادتوں کی تصدیق کے بعد یہ اعلان کیا گیا کہ آج منگل کو پاکستان میں یکم شوال ہوگا اور ملک بھر میں عیدالفطر منائی جائے گی جبکہ گزشتہ روز فاٹا اور پشاور کے کئی علاقوں میں عیدالفطر منائی گئی۔ علاوہ ازیں بھارت میں بھی چاند نظر آ گیا آج عید منائی جائیگی جبکہ گذشتہ روز خیبر پی کے میں 2 عیدیں منانے کی روایت برقرار رہی اور پشاور سمیت خیبر پی کے کے کئی شہروں‘ قبائلی علاقوں اور افغان مہاجرین کی طرف سے گذشتہ روز عید منائی گئی جبکہ ہزارہ ڈویژن‘ مالاکنڈ ڈویژن‘ ڈیرہ اسماعیل خان اور پشاور میں بعض مقامات پر آج عیدالفطر منائی جائے گی بھارت میں بھی آج عید منائی جائے گی۔ علاوہ ازیں سعودی عرب‘ جدہ‘ دوحہ‘ ڈھاکہ‘ دبئی‘ جکارتہ‘ سڈنی‘ لندن‘ قطر‘ اردن‘ متحدہ عرب امارات‘ کویت‘ فلسطین‘ عراق افغانستان‘ بنگلہ دیش‘ انڈونیشیا‘ آسٹریلیا اور برطانیہ میں بھی عید پیر کو منائی گئی۔ علاوہ ازیں عید کے موقع پر اپنے پیغامات میں صدر ممنون حسین‘ وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پوری قوم کو عیدالفطر کی مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید کی خوشیوں میں شمالی وزیرستان کے بے گھر بہن بھائیوں کو بھی شامل کرنا چاہئے۔ آج کا دن شکر گزار ہونے کا دن ہے ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں اور اپنے ان شہیدوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک و قوم کے امن اور سلامتی کی خاطر اپنی جانیں قربان کر دیں قوم کو منفی سوچ رکھنے والی قوتوں کی سازشوں اور کارروائیوں سے بچنا ہو گا عوام بدامنی کے خاتمے کیلئے حکومت کی کوششوں کا ساتھ دیں۔ عید پر وطن عزیز کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کی خصوصی دعائیں کی جائیں۔ علاوہ ازیں عیدالفطر کی آمد اور ملک کے بعض مقامات پر ناخوشگوار واقعات کے باعث امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے لاہور‘ فیصل آباد سمیت شیخوپورہ‘ سرگودھا‘ جھنگ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ چنیوٹ‘ ملتان‘ خانیوال‘ لودھراں‘ بہاولپور‘ رحیم یار خان‘ خوشاب‘ میانوالی اور دیگر شہروں میں سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے جبکہ تمام مسالک کی مساجد‘ امام بارگاہوں‘ اقلیتی عبادت گاہوں و دیگر اہم حساس مقامات پر بھی پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے نیز تمام بڑے شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باوردی اور سادہ لباس میں ملبوس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں پشاور سمیت خیبر پی کے کے مختلف شہروں اور قبائلی علاقہ جات میں پیر کو عیدالفطر منائی گئی‘ مختلف مقامات پر نماز عید کے سینکڑوں اجتماعات ہوئے۔ بنوں میں مقیم شمالی وزیرستان کے متاثرین کی بڑی تعداد نے جماعت اسلامی کے رہنما پروفیسر ابراہیم کی امامت میں نماز عید ادا کی۔ جس کے بعد آئی ڈی پیز میں تحائف تقسیم کئے گئے۔ چار سدہ اور ہنگو سمیت کئی دیگر اضلاع کی عیدگاہوں اور مساجد میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے ، گزشتہ شب پشاور کی مسجد قاسم علی خان میں غیر سرکاری کمیٹی نے آج عید منانے کا اعلان کیا تھا۔ کراچی میں بوہرا جماعت کی نماز عید کا اجتماع صدر میں پاکستان بھر میں آباد بوہرا جماعت کے پیروکاروں نے پیر کو عیدالفطر منائی۔ علاوہ زیں لاہور سمیت صوبہ بھر میں چاند رات کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ کی گئی تھی جبکہ آج عید الفطر کے موقع پر مساجد، امام بار گاہوں اور نماز عید کے اجتماعات میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے جائیں گے۔ چاند رات کے موقع پر اہم شہروں میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔ بازاروں میں پولیس کی بڑی نفری تعینات تھی، بازاروں ،مارکیٹوں اور رش والے مقامات پر سفید پارچاجات میں بھی اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ شہرکے داخلی راستوں کی کڑی نگرانی اور اہم سرکاری عمارات ، بس و ویگن سٹینڈز اور کاروباری و تجارتی مرا کز اور بازاروں میں بھی پولیس نفری تعینات تھی۔علاوہ ازیں آج عید الفطر کے موقع پر مساجد، امام بارگاہوں اور نمازعید کے اجتماعات میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظاما ت کئے جائیں گے۔ خلیجی ریاستوں، یورپ اور امریکہ میں شوال کا چاند نظر آنے کے بعد عیدالفطر کا اعلان کیا گیا اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد لوگوں نے اپنے رب کے حضور رمضان المبارک میں کی جانے والی عبادات کی مقبولیت اور امت مسلمہ کی سربلندی بالخصوص غزہ کے مسلمانوں کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ مسجد حرام میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8 بجکر 15منٹ پر عید کی نماز ادا کی گئی، اسی طرح مدینہ المنورہ میں بھی نماز عید ادا کی گئی، دوسری جانب عیدالفطر کی تیاریوں کے لئے دنیا بھر کی طرح امریکہ اور یورپ میں بھی بھرپور انتظامات کئے گئے۔ ادھر اپنے پیاروں سے دور خلیجی ممالک، مغرب اور یورپ میں بسنے والے پاکستانیوں نے بھی اپنی یادوں میں اہلخانہ کو بسائے عید منا ئی۔ عمان کے محکمہ مذہبی امور کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شوال کی رویت نہیں ہوئی، اس لیے وہاں عیدالفطر آج منگل کو ہوگی۔ عید کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ تمام اہل پاکستان کی طرف سے عید الفطر کی مبارکباد کو وزیرستان میں دہشت گردی کا خاتمہ کرنیو الے بہادر سپاہیوں اور شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے ہیں۔ ہم عید کی حقیقی مسرت صرف اسی وقت حاصل کرسکتے ہیں جب ہم اس موقع پر اپنے غریب عزیز و اقارب ‘ پڑوسیوں اور ضرورت مند بہن بھائیوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔ آج خوشی کا دن ہے مگر ہماری ہر خوشی اس وقت تک ادھوری رہے گی جب تک شمالی وزیرستان سے بے گھر ہونے والے ہمارے بزرگ ‘ بھائی ‘ بہن اور بچے بحفاظت اپنے گھروں میں واپس جاکر آباد نہیں ہو جاتے۔ صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ عید کا تہوار اسلام کی اعلیٰ اور روشن اقدار کا نقیب، اخوت ومحبت کا امین اور امت مسلمہ کے دینی ومذہبی تشخص کا مظہر ہے، عید کی مبارک گھڑی کا مقصد لوگوں کے درمیان باہمی محبت وتعلقات کو زیادہ سے زیادہ بڑھانا اور خوشگوار بنانا ہے، ہمیں دعا کرنی چاہئے کہ اللہ پاک ہمارے ملک کو دہشت گردی و فرقہ پرستی کی لعنت سے پاک فرمائے اور ہمارے ملک کو امن ، ترقی و خوشحالی کی نعمت سے مالا مال فرمائے،ہمیں منفی سوچ رکھنے والی قوتوں کی سازشوں اور کارروائیوں سے بچنا ہوگا اور حکومت کی اس سلسلہ میں شروع کردہ انسدادی کوششوں میں مکمل تعاون کرنا ہوگا تاکہ وطن میں امن و امان کی فضا پیدا ہوسکے۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قوم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دینے والے شمالی وزیر ستان کے آئی ڈی پیزکی مدد اور ان کی آبادکاری میں بھرپور تعاون کرے۔ ہمیں اسرائیلی مظالم کے شکار اپنے فلسطینی بہن بھائیوں سے بھی اظہار یکجہتی کرنا چاہئے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عیدالفطر درحقیقت ایک ماہ کی عبادات اور ریاضت کے سلسلے میں مسلمانوں کے لئے اللہ تعالیٰ کا تحفہ ہے۔ ہمیں خوشی کے اس موقع پر معاشرے کے نادار، غریب، بے سہارا اور مشکلات میں گھرے ہوئے افراد کو ہرگز نہیں بھولنا چاہئے بلکہ انہیں عید کی خوشیوں میں شامل کرکے اپنا دینی اور اخلاقی فریضہ ادا کرنا چاہئے۔ اس مرتبہ عید کا تہوار ایسے موقع پر آ رہا ہے جب ہمارے شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے بہن بھائی مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں، ہمیں عید کی خوشیاں مناتے وقت پاکستان کے امن اور ہمارے محفوظ مستقبل کیلئے قربانیاں دینے والے ان عظیم پاکستانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہئے۔ امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے اس پر مسرت موقع پر ہمیں فلسطین، کشمیر اور دنیا کے دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کو نہیں بھولنا چاہئے اور ایسی زبردست تحریک اٹھانی چاہئے کہ جس سے فلسطین اور کشمیر سمیت تمام مقبوضہ علاقوں کو آزادی ملے، آئندہ سب مسلمان آزادی کی عید منائیں اور اللہ کے دین کو اپنے ملکوں میں نافذ کر سکیں، یہی عید کا اصل پیغام ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج ہم ان حالات میں عید منا رہے ہیں لاکھوں کی تعداد میں وزیرستان متاثرین اپنے گھر بار چھوڑ کر بنوں، ڈیرہ اسماعیل خاں، ژوب اور دیگر علاقوں میں آباد ہیں۔ اس صورتحال میں ہم سب کو مل کر پوری امت کے دکھ درد بانٹنے کی کوششیں کرنی چاہئیں۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی و ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ نے اسلامیان پاکستان کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے پیغام میں کہا کہ عید کا دن جشن مسرت ہی نہیں عبادت اور ہر حال میں اللہ کو یاد رکھنے کا دن ہے۔ آج پوری امت کا شیرازہ بکھرا ہوا ہے۔ فلسطین، کشمیر، برما، شام، افغانستان، عراق بنگلہ دیش، چہار اطراف مسلمان عالم کفر کے ظلم اور عالم اسلام کی بے حسی کا شکار ہیں۔ اتحاد امت، تمام مکاتب فکر کی قوتوں میں باہمی اتفاق و اتحاد ہونا چاہئے۔ پاکستان عوام تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے عیدالفطر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم عید کی خوشیوں میں آئی ڈی پیز کو ہرگز نہ بھولے وہ ہمارے ہی خاندان کا حصہ ہیں۔ سخت ترین موسم میں فوجی جوان ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے عظیم مشن کی تکمیل میں لگے ہوئے ہیں۔ پوری قوم عید کے موقع پر ان کی کامیابی کیلئے دعا بھی کرے۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے عیدالفطر کے موقع پر ارکان پارلیمنٹ سمیت پوری قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید کا دن خوشیوں کی نوید لیکر آتا ہے۔ اس موقع پر ہمیں اپنے غریب بہن بھائیوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنا ہو گا۔ علاوہ ازیں قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ عید کی ساعتوں میں ملکی امن کی خاطر اپنا گھر بار چھوڑنے والے آئی ڈی پیز کو فراموش نہ کیا جائے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید کے روز آئی ڈی پیز اور آپریشن سے متاثرہ افراد کی بھی دادرسی کرنی چاہئے۔ حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تمام تر سازشوں اور ظلم زیادتی کے باوجود کشمیری قوم پُرعزم ہے۔ اصل عید ہماری تب ہو گی جب ہماری ملت غیروں کے غاصبانہ قبضے سے آزاد ہو گی، دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ امت کی مشکلات اس وقت تک حل نہیں ہو سکتیں جب تک کوئی اسلامی ریاست معرض وجود میں نہیں آتی۔ عیدالفطر کے بعد جمعیت علماء اسلام (س) ملک کو اسلامی ریاست بنانے کیلئے باقاعدہ جدوجہد کا آغاز کریگی۔
عید آج ہو گی
عیدالفطر آج ملک بھر میں منا ئی جائیگی، فاٹا، پشاور کے کئی علاقوں میں ہو گئی
Jul 29, 2014