لاہور (آئی این پی + آن لائن) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اگست میں ہی عوام کو کرپٹ حکومت سے نجات اور حقیقی آزادی دلائیں گے‘ حکومت کے خلاف تحریک میں قیادت کا مسئلہ نہیں جب عمران خان مل کر چلیں گے تو سارے مسائل حل ہو جائیں گے‘ ہم نے کبھی مڈٹرم انتخابات کی بات نہیں کی ‘ہم انتخابات سے پہلے بھرپور احتساب، انتخابی اصلاحات اور پھر ہی انتخابات کی بات کرتے ہیں جو انقلاب کے بغیر ممکن نہیں‘ بدقسمتی سے اقتدار پر عوام کی بجائے اشرافیہ قابض ہے۔ سٹیٹس کو کی پیداوار جماعتوں نے سیاسی، سماجی و معاشی استحصال کو آئینی جمہوریت کا نام دیا ہے۔ ایک انٹرویو میں ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکمران عوام کے ووٹوں سے نہیں دھاندلی سے اقتدار میں آئے ہم اس کرپٹ نظام اور حکومت دونوں کو ختم کرنا چاہتے ہیں جس کیلئے عید کے فوری بعد یوم انقلاب کیلئے تحریک کا اعلان کیا جائیگا۔ سانحہ لاہور کے حوالے سے ہمیں حکومتی تحقیقات پر اعتبار نہیں ہم خود اقتدار میں آکر اس کی شفاف تحقیقات کرائیں گے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ پاکستان کا طرز حکمرانی اسلام، قرارداد مقاصد، قائداعظمؒ کے خواب اور جمہوریت کے بین الاقوامی مسلمہ ضابطہ کے خلاف اور آئین سے بغاوت ہے۔ حکومت کا خاتمہ جمہوری اصولوں کے مطابق واجب ہوچکا، انقلاب سے حقیقی جمہوریت کو لانا ہے۔ موجودہ نظام جمہوریت کے لبادے میں بدترین آمریت ہے۔ سٹیٹس کو کی پیداوار جماعتوں نے سیاسی، سماجی و معاشی استحصال کو آئینی جمہوریت کا نام دیا ہے۔ سیاسی جماعتوں اور اداروں کے اندر احتساب کے ازخود نظام کے تحت کرپشن کرنے والے کو فارغ ہوجانا چاہئے۔ وزیراعظم سے کارکن تک ہر کوئی اپنی حیثیت کے مطابق کرپشن کررہا ہے۔ آن لائن کے مطابق یوم انقلاب کی تاریخ کے تعین کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے پاکستان عوامی تحریک اور تحریک کی تنظیموں کے ہر سطح کے ایک لاکھ سے زائد انقلابی عہدیداران سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ تاریخ کا اعلان طاہرالقادری کرینگے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے موومنٹ کلب کے زیر اہتمام انقلاب کانفرنس سے ینگ پروفیشنلز، سائنٹسٹ، ٹیکنوکریٹس، انجینئرز، ایجوکیشنسٹس، ڈاکٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم انقلاب کی تاریخ کا تعین ہو چکا ہے صرف اعلان باقی ہے قوم تیار رہے جلد انقلاب کی کال دینے والا ہوں۔ انقلاب والے دن کرپٹ حکمرانوں اور سیاستدانوں کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا، کڑا اور بے رحمانہ احتساب کر کے قوم کی لوٹی ہوئی پائی پائی وصول کی جائیگی۔ اس موقع پر غلام مصطفی کھر اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ انقلاب کے بعد ہر بے گھر کو گھر، بے روزگار کو روزگار، بے زمین کسان کو50 ایکڑ رقبہ کاشت کے لئے دیا جائیگا۔ انقلاب کے بعد ملک سے فرقہ واریت، انتہا پسندی اوردہشت گردی کا نام ونشان مٹادیں گے سرکاری اور غیر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں غیر معمولی فرق ختم کر دیں گے۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں پہلے ہی مہینے نصف کر دیں گے۔