اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں کمی اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کی منظوری دیدی۔ ماہ اگست کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے سلسلے میں وزیر خزانہ سنیٹر اسحاق ڈار نے مدینہ منورہ میں وزیراعظم محمد نوازشریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اوگرا کی سفارشات کی روشنی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر خزانہ کی سفارش پر پٹرول، ایچ او بی سی اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کی منظوری دی۔ اس مد میں حکومت کو 1.359 ارب روپے کی سبسڈی دینا پڑے گی۔ ملاقات میں مٹی کے تیل کی قیمت میں 0.31 روپے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 0.71 روپے کی کمی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج 29 جولائی 2014ء سے ہو گا۔ پٹرول کی قیمت 107.97 روپے فی لٹر، ایچ او بی سی 134.63 روپے فی لٹر، مٹی کا تیل 97.09 روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل 109.34 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 93.32 روپے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔
لائٹ ڈیزل 71، مٹی کا تیل 31 پیسے فی لٹر سستا، وزیراعظم نے دوسری پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کی منظوری دے دی
Jul 29, 2014