لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ، وزراء کے انتخابی مہم میں حصہ لینے کے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ 25 صفحات پر مشتمل فیصلے میں فاضل عدالت نے الیکشن کمشن کی طرف سے 7 مئی کانوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ انتخابی مہم میں حصہ لے سکتے ہیں اور ان کو یہ حق آئین کا آرٹیکل 9، 15، 16، 19A اور 17(2) دیتا ہے۔ فاضل عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا ہے کہ یہ حکومتی عہدیدار سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھتے ہیں اور کسی بھی سیاسی جماعت کا یہ حق ہے کہ وہ اپنی پارٹی کیلئے انتخابی مہم چلائے تاہم انتخابی مہم میں الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق کی پابندی لازمی ہے۔ فاضل عدالت نے قرار دیا انتخابی مہم کے دوران سرکاری فنڈز سے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان نہیں کیا جاسکتا۔ فاضل عدالت نے یہ فیصلہ تحریک انصاف کے منصور خان کی درخواست پر سنایا تھا جس کا تفصیلی فیصلہ گزشتہ روز جاری کیا گیا۔
وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ سیاسی پارٹیوں کے رکن ہونے کے ناطے انتخابی مہم میں حصہ لے سکتے ہیں: ہائیکورٹ
Jul 29, 2015