اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ایک روز قبل عدالت سے فرار ہونیوالی غیرملکی ازبک خاتون کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمہ کو فرار کرانے والے ایس ایچ او اور اے ایس آئی کو پکڑ لے گئے۔ وزیر داخلہ چودھری نثار نے ایس ایچ او اور اے ایس آئی کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔ وزیر داخلہ کے حکم سے متعلقہ ایس پی کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ اے ایس پی کی جواب طلبی کر لی گئی۔ وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ گرفتار اہلکاروں سے کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت میں فحاشی کے مبینہ اڈوں سے گرفتار کی گئی غیرملکی خواتین کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ خواتین کی اکثریت کا تعلق وسط ایشیائی ریاستوں سے ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گرفتار کی گئی بعض خواتین بغیر ویزے کے جڑواں شہروں میں قیام پذیر تھیں۔