کانسٹیبل بھرتی ریٹائرڈ فوجیوں کا نکالے جانے پر دھرنا، رات گئے 1300 کا کنٹریکٹ بحال۔ مظاہرین کا مال روڈ پر احتجاج، ٹریفک جام ہونے سے شہری پریشان۔
پنجاب پولیس میں ریٹائرڈ فوجیوں کو کنٹریکٹ پر بھرتی کیا گیا۔ جنہیں کنٹریکٹ ختم کرنے کے احکامات جاری ہوئے تو انہوں نے اس پر احتجاج کرتے ہوئے مال روڈ پر دھرنا دیا جس سے ٹریفک جام ہو گئی اور شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس صورتحال پر رات گئے سی سی پی او نے انکے کنٹریکٹ بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔ انتظامیہ کی طرف سے کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل انکے نتائج سامنے رکھے جاتے تو ایسی نوبت نہ آتی۔ آج کل بے روز گاری اور مہنگائی کے دور میں ملازمت پر رکھنے اور نکالے جانے کے حوالے سے ایسی منصوبہ بندی ضروری ہے کہ اس سے عوام کے کسی طبقے میں اشتعال اور بے چینی پیدا نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اپنی گڈ گورننس کیلئے مشہور ہیں ان کو چاہیے کہ وہ انتظامیہ کے فیصلوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ دوبارہ ایسی کوئی ناخوشگوار صورت حال پیدا نہ ہو جس سے عوام کو پریشانی اٹھانا پڑے۔