وزیراعظم نواز شریف نے تحریک انصاف کے ارکان کو نشستوں سے محروم کرنے کی تحاریک واپس لینے کی درخواست کر دی

وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں خورشید شاہ، مولانا فضل الرحمان سمیت پارلیمانی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ کسی کی فتح یا شکست نہیں. اس سے جمہوری ادارے اور جمہوریت مستحکم ہو گی۔ اجلاس میں ایم کیو ایم اور جے یو آئی فے نے تحریک انصاف کے ارکان کی رکنیت منسوخ کرنے کی تحاریک پر جلد ووٹنگ کا مطالبہ کیا۔ مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی ارکان کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کے معاملے پر بضد رہے. ایم کیو ایم کے ارکان نے اجلاس میں موقف اختیار کیا کہ اگر ان کی جماعت کے ساتھ ایسی صورتحال پیش آتی تو ان کا کیا حشر کیا جا چکا ہوتا۔ اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات پرویز رشید نے میڈیا کو بتایا کہ ایم کیو ایم اور جے یو آئی فے مشاورت کے بعد کل حتمی جواب دیں گی. ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم نے تحریک واپس لینے کی درخواست کی ہے. ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی ارکان کی نشستیں منسوخ کرنے کی تحریک واپس لینے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔

ای پیپر دی نیشن