اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے وزارت انسانی حقوق کی طرف سے پسماندہ اور محروم افراد کے ٹربیونل کو ختم کرنے کے تجویز کو مسترد کر دیا ہے اور ہدایت کی ہے اس ٹربیونل کو بحال کیا جائے کابینہ ڈویژن کے تحت معاہدہ پر عملدرآمد کا سیل بنایا جائے۔ وزیراعظم نے یہ ہدایت بھی کی کہ اس ٹربیونل کو متحرک ہو کر کام بھی کرنا چاہیے۔ کابینہ ڈویژن انسانی حقوق ڈویژن اور وزارت تجارت کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان کی ہدایات پر عمل کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد خواتین‘ بچوں اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ دینا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ معاشرے کے محروم طبقات کے حقوق کا خیال رکھنا حکومت کی ذ مہ داری ہے وزیراعظم نے وزارت انسانی حقوق کو یہ ہدایت بھی کی کہ محنت کشوں کے فلاح وبہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے صوبائی‘ علاقاتی حکومتوں کے سطح پر مانیٹرنگ کا موثر نظام بھی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے یہ حکم بھی دیا کہ پاکستانی شہری جن کو بیرون ملک مقدمات کا سامنا یا سزا کاٹ رہے ہیں ان کے بارے میں بھی ادارہ جاتی مکنزم بنایا جائے۔