میگا کرپشن سیکنڈلز‘ 3 مرتبہ ڈیڈ لائن کے باوجود نیب تحقیقات مکمل نہیں کرسکا

Jul 29, 2016

اسلام آباد( رستم اعجاز ستی /نامہ نگار) قومی احتساب بیورو( نیب) نے سیاست دانوں، جرنیلوں اور بیوروکریٹس کی میگا کرپشن سکینڈلز کے179مقدمات کی تحقیقات مکمل کرنے کیلئے30ستمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی، نیب کی جانب سے سپریم کورٹ کے حکم پر179میگا کرپشن سکینڈلز کی فہرست سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی تھی لیکن نیب تین مرتبہ ڈیڈ لائن دینے کے باوجود بھی تحقیقات مکمل نہ کر سکا اور اب سینیٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں نیب کی جانب سے چوتھی مرتبہ تیس ستمبر کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے، میگا کرپشن کی فہرست میں موجودہ وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب، پیپلز پارٹی کے سابقہ دور کے دو وزراء اعظم، چند ریٹائر جرنیلوں اور بیورو کریٹس کے نام بھی میگا کرپشن کی فہرست میں شامل ہیں، نیب میگا کرپشن سکینڈلز کی فہرست میں سے تاحال سات مقدمات کو بند کر چکا ہے، نیب حکام کے مطابق سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کروائی گئی فہرست میں مقدمات کو تیس ستمبر کو بند کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے لیکن یہ بھی حتمی ڈیڈ لائن نہیں ہے کیونکہ نیب کے طریقہ کار کے مطابق وائٹ کالر کرائم میں کوئی تفتیش کار اگر مقرر وہ قت کے اندر مقدمات کی تحقیقات کو مکمل نہیں کرتا تو اسے مزید توسیع کیلئے ٹھوس وجوہات پیش کرنا ہوتی ہیں، ایسی صورت میں کسی کیس کی تحقیقات میں تاخیر ہو سکتی ہے، نیب کی مرتب کردہ 179میگا کرپشن مقدمات کی تفصیلات کے مطابق شروع میں نیب کے پاس 81مقدمات کی انکوائریاں،52مقدمات کی تحقیقات اور46کا ریفرنس انڈر ٹرائل تھا، نیب نے81مقدمات کی انکوائریوں میں سے 25مقدمات کو تحقیقات میں تبدیل کیا، چھ مقدمات کو رضاکارانہ واپسی سے فیصلہ کیا اور پانچ مقدمات کی انکوائریوں کو بند کر دیا،52مقدمات کی تحقیقات میں سے تین مقدمات کا پلی بارگین کے زریعے فیصلہ کیا گیا اور دو مقدمات کی تحقیقات کو بند کر دیا گیا، اسوقت نیب مذکورہ179مقدمات میں سے 44مقدمات کی انکوائری ،42کی تحقیقات کر رہا ہے ۔

مزیدخبریں