پشاور: دہشتگرد گرفتار، 4کلو وزنی بم برآمد، لاہور‘ 32مشتبہ پکڑے گئے

پشاور/لاہور (بیورو رپورٹ+نامہ نگار) پشاور میں تباہی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے خطرناک دہشتگرد گرفتار کر لیا گیا اور 4کلو وزنی بم برآمد کر لیا گیا جبکہ لاہور میں سرچ آپریشن کے دوران 32مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور نے تباہی کے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے خطرناک دہشت گرد یوسف کو 4 کلو وزنی بم اور دیگر آلات سمیت گرفتار کرلیا ملزم کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ بم کو بی ڈی یو نے ناکارہ بنا دیا۔ پولیس کو متعدد مقدمات میںمطلوب دہشت گرد یوسف ولد گل حسن کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ گھی کے ڈبے میں نصب4کلو گرام وزنی بم کو کسی مقام پر نصب کرنے کیلئے جارہا تھا ادھر لاہور پولیس نے گزشتہ روز بھی شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 32مشتبہ افراد کوحراست میں لے لیا۔ پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران بائیو میٹرک مشینوں کا بھی استعمال کیا جبکہ ہاسٹلز، ہوٹلز، سرائے اور کرایہ پر مقیم افراد کی چیکنگ کی گئی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار کے مطابق تھانہ سٹی اے ڈویژن پولیس نے مشکوک افغانی باشندے کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔ ملزم صدام گل افغانستان کے صوبہ کندھار کا رہائشی ہے اور وہ گزشتہ روز شہر کے وسطی علاقہ گورنمنٹ ہائی سکول کے قریب کھڑا تھا۔ ادھر مہمند ایجنسی میں بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن