”اصلاحاتی ایجنڈا پر عمل کیوں نہیں کیا“ چیئرمین سینٹ کمیٹی ڈاکخانہ حکام سے ناراض

Jul 29, 2017

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سینٹ کی مجلس قائمہ مواصلات کے چئیرمین داو¿د خان اچکزئی نے ڈاکخانہ جات میں خدمات کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد نہ کرنے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت مواصلات کو 15 دنوں کے اندر اصلاحات پر عملدرآمد بارے کمیٹی کو تحریری طور پرآگاہ کرنے کہ ہدایت کر دی۔ جمعہ کو سینٹ قائمہ کمیٹی مواصلات کے چیئرمین سینیٹر داو¿د خان اچکزئی نے ڈاکخانہ جات میں 7 خدمات کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد نہ کرنے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی چار سال سے ان خدمات پر عملدرآمد کیلئے سفارشات بجھوا رہی ہے۔ ڈاکخانہ جات میں کمپیوٹر نظام کیلئے 7 ماہ کا وقت بھی ختم ہوگیا ہے۔ 15 دنوں کے اندر اصلاحات پر عملدرآمد بارے کمیٹی کو تحریری طور پرآگاہ کیا جائے۔ ڈی جی پوسٹل سروسز نے بتایا کہ وزارت خزانہ نے اس سال بھی ضرورت سے کم بجٹ دیا گیا ہے۔ محکمہ کو 17 ارب سے زائد بجٹ کی ضرورت ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پینشنز کی سہولیات میں اضافے کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے جارہے۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ پینشنز کو اے ٹی ایم کارڈز نہیں ملے تو سفارشات کا کوئی فائدہ نہیں۔ جس پر ڈی جی پوسٹل سروسز نے بتایا کہ تین حصوں میں ڈاکخانہ جات کی سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا۔ بڑے شہروں کے 85 جی پی اوز میں پینشنز کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے۔ سینیٹر جہانزیب جمال دینی نے کہا کہ مقامی نوجوانوں میں سے میرٹ کے ذریعے کنٹریکٹ بھرتی کر لی جائے۔ کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹر میر محمد یوسف بادینی، جہانزیب جمال دینی ، کامل علی آغا، سیکرٹری وزارت، چیئرمین این ایچ اے، ڈی جی پوسٹل سروسز نے شرکت کی۔
چیئرمین سینٹ کمیٹی/ ناراض

مزیدخبریں