عمران خان کرشماتی شخصیت ہیں انتخابات میں پی ٹی آئی نے متاثرکن کامیابی حاصل کی: نیویارک ٹائمز

Jul 29, 2018

اسلام آباد(اے پی پی)معروف امریکی روزنامے ” نیو یارک ٹائمز“ نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران کی انتخابات میں متاثر کن کامیابی کو سراہتے ہوئے امریکا ، چین اور بھارت پر زور دیا کہ پاکستان میں اصلاحات کیلئے آسانیاں پیدا کریں ۔ اپنے اداریے میں نیو یارک ٹائمز نے لکھا کے عمران کا بنیادی ایجنڈا پاکستان اصلاحات اور گورننس کی بہتری ہے تاکہ ملک میں سرگرم مختلف گروہوں کو سہولیات فراہم کرنے والے نیٹ ورکس کے سرپرستوں کا خاتمہ کیا جاسکے ۔ اخبار کے مطابق پاکستان جیسے مسائل سے دو چار اور کرپشن زدہ ملک میں ایک کرشماتی قیادت ہی عوام کی خواہشات پر پورا اتر سکتی ہے عمران خان کو اس حوالے سے مختلف سمتوں میں کام کرنا ہوگا۔ امریکی اخبار نے مزید کہا کہ ایک سابق کرکٹر عمران خان نے تقریباً 25سال قبل پاکستان کی کرکٹر ٹیم کو ورلڈ کپ جتوانے کیلئے برصغیر پر حکومت کرنے والے برطانیہ جیسے سابق حکمران ملک کو شکست دی اور حالیہ ہفتہ کے دوران عمران کی قیادت میں انکی سیاسی جماعت نے پاکستان کے عام انتخابات میں متاثر کن کامیابی حاصل کی۔ اخبار نے مزید کہا کہ پاکستان کو مختلف مسائل کا سامنا ہے ملک کا ایک سابق وزیر اعظم نواز شریف دو ہفتے قبل بدعنوانی کے جرم میں جیل جا چکا ہے کیونکہ پاکستان میں کرپشن کی جڑیں بڑی مضبوط ہوچکی ہیں۔ ملک کا قرضہ مسلسل بڑھ رہا ہے، بجلی کی فراہمی میں مسائل کا سامنا ہے اور روزگار کے حصول میں اتنے مسائل درپیش ہیں کہ پاکستان کے کارکن مشرق وسطیٰ سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں روز گار کی تلاش کیلئے سفر کرنے پرمجبور ہیں۔ مضمون کے مطابق دہشتگردوں کے حملے اور امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بھی اتنے اچھے نہیں ۔ملک میں سیاست غیر مستحکم ہے تاہم عمران خان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف پارلیمان میں اتنی نشستیں نہیں جیت سکی کے وہ اکیلے حکومت قائم کر سکے ۔ نیو یارک ٹائم نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف قومی پارلیمنٹ میں واضح اکثریت حاصل نہ کر سکنے کے باوجود ملک کی مختلف صوبائی اسمبلیوں میں انکی سیاسی جماعت نے خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ۔جو 65سالہ عمران خان کی پاکستان کی سیاست میں اہم کامیابی تصور کی جا سکتی ہے جس سے انکو اپنے مقاصد کے حصول میں مدد حاصل ہوگی۔ عمران خان نے انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنے پہلے خطاب میں بنیادی نوعیت کے اہم مسائل کی نشاندہی کی ۔امور خارجہ کے حوالے سے امریکی اخبار نے کہا کہ عمران خان امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں بہتری کے خواہشمند ہیں جبکہ ماضی میں عمران خان خطے میں امریکی پالیسیوں کے شدید ناقد رہے۔ عمران خان بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل سمیت دیگرسرحدی تنازعات کے خاتمے کے بھی خواہشمند ہیں جن کی وجہ سے ہمسایہ ممالک آپس میں متعدد جنگیں بھی لڑ چکے ہیں اسی طرح پاکستان کو قرضہ فراہم کرنے والے ایک بڑے ملک چین کے ساتھ بھی پاکستان کے تعلقات میں اضافہ چاہتے ہیں ۔ عمران خان پاکستان کے سیاسی کلچرل کو کیسے تبدیل کرسکتے ہیں ؟ جس کیلئے انہیں غریب طبقات کی مدد اور مختلف شعبوں میں عالمی دنیا کے ساتھ اپنے تعلقات کی بہتری پر توجہ دینے کی ضرورت ہوگی جن میں اس کے اتحادی ممالک بھی شامل ہیں مزید برآں دیکھنا ہوگا کے وہ پاکستان کے تیزی سے بڑھتے ہوئے قرضوں پر کس طرح کنٹرول کرتے ہیں۔ امریکی اخبار نے اپنے مضمون میں عمران خان کو ایک کرشماتی شخصیت قرار دیا ۔آخر میں کہا ہے کہ عمران خان کو تبدیلی کا ایک موقع ملا جس کی ملک کو شدید ضرورت ہے ۔انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کی جدوجہد نے کامیابی سے نہ صرف پاکستان کو فائدہ ہوگا بلکہ اس سے امریکہ سمیت دیگر ممالک اور ہمسایہ ممالک پر مثبت اثر پڑے گا۔ نیو یارک ٹائمز نے مزید کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ، بھارت اور چین کیلئے مناسب ہوگا کے وہ عمران خان کیلئے آسانیاں پیداکریں۔
نیویارک ٹائمز

مزیدخبریں