لاہور( این این آئی) ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا کہ عوام نے عمران خان کو منتخب کیا ہے اس لئے انہیں کام کرنے کا موقع ملنا چاہیے ،اگر پی ٹی آئی خیبر پختوانخواہ میں ڈلیور نہ کرتی تو انہیں کبھی بھی دوبارہ حکومت نہ ملتی ،مجھے صدر بنانے کے حوالے سے سوشل میڈیا پراگر کوئی مہم چل رہی ہے تو اس کا ہرگز علم نہیں لیکن جو انسان کے مقدر میں ہوتا ہے وہ اسے ملتا ہے ۔ ” این این آئی “ سے ٹیلیفون پر خصوصی گفتگو کرتے ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا کہ عام انتخابات کے نتیجے میں ملک میں تبدیلی آئی ہے ۔ عمران خان نے اس سے پہلے مرکز میں کبھی حکومت نہیں کی لیکن عوام نے انہیںمنتخب کیا ہے اس لئے انہیں کام کرنے کا بھرپور موقع ملنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے خیبر پختوانخواہ میں پہلی بار حکومت بنائی اور ڈلیور کیا ۔ اگر انہوں نے کام نہ کئے ہوتے تو عوام انہیں کیوں دوبارہ منتخب کرتے ۔ اگر ان کی کارکردگی نہ ہوتی تو جس طرح عوام نے نواز شریف کے بیانیے کو مسترد کیا ہے انہیں بھی گھر بھجوا دیتے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس پڑھی لکھی اچھی ٹیم ہے اوروہ یقینی طور پر کارکردگی دکھائیں گے نواز شریف نے زیادہ چمچے رکھے ہوئے تھے ۔
ڈاکٹر عبدالقدیر