واشنگٹن (اے پی پی) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی حصے میں بھڑکنے والی جنگل کی آگ نے ہزاروں لوگوں کو اپنے گھربار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر پناہ لینے پر مجبور کر دیا ۔ جب کہ آگ پر قابو پانے کی کوشش میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق فائر فائٹرز کے ترجمان سکاٹ میکلین نے بتایا کہ آگ راستے میں آنے والی ہر چیز جلا کر بھسم کر رہی ہے۔آگ اب تک 17 ہزار ہیکٹر سے زیادہ رقبے کو جلا کر راکھ کر چکی ہے۔ آگ کی زد میں آکر ایک پرائیویٹ بل ڈوزر آپریٹر اور ایک فائر فائٹر آگ پر قابو پانے کی کوشش کرنے کے دوران ہلاک ہو گئے۔ ایک بیان میں فائر ڈیپارٹمنٹ کے کیپٹن سکاٹ کینی نے کہا آگ پر تین فیصد قابو پا لیا گیا ۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بہت زیادہ درجہ حرارت اور دشوار گزار راستوں اور نا ہموار زمین کے باعث فائر فائٹرز کو شعلوں پر قابو پانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔کینی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اس وقت 497 گھروں کو جنگل کی آگ سے خطرہ ہے، جب کہ 15 مکان پہلے ہی تباہ ہو چکے ہیں۔ آگ بجھانے کی کوشش میں تین فائر فائیٹرز زخمی ہو گئے ہیں۔حکام نے آگ لگانے کے شبہہ میں ایک شخص کو حراست میں لیا۔