لاہور(خصوصی رپورٹر)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر سے قومی و صوبائی اسمبلیوں سے جیتنے والی جماعتوں کے 100 فیصد نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ نتائج کے مطابق تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں 115،مسلم لیگ (ن) کو 64 پیپلز پارٹی 43 ایم ایم اے 12، ایم کیو ایم 6 اور (ق) 4 سیٹیںحاصل کر سکی جبکہ 13نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ الیکشن کمیشن حکام کے مطابق این اے 32 کوہاٹ کے علاوہ تمام حلقوں کے غیر حتمی نتائج موصول ہو گئے ہیں، این اے 32میں ایک پولنگ سٹیشن جلنے کے باعث نتیجہ جاری نہیں کیا گیا جس پر ریٹرننگ آفیسر نے الیکشن کمیشن سے ہدایات طلب کی ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں بلوچستان عوامی پارٹی نے 4 ،بی این پی مینگل 3، جی ڈی اے2 ، عوامی مسلم لیگ، اے این پی، جمہوری وطن پارٹی اور پاکستان تحریک انسانیت نے ایک، ایک سیٹ حاصل کی۔پنجاب اسمبلی کی 295 نشستوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) 129 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ اسکی سیاسی حریف جماعت تحریک انصاف 123 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ آزاد امیدوار28 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ (ق) لیگ کی7 ، پیپلزپارٹی 6، بلوچستان عوامی پارٹی اور پاکستان عوامی راج ایک،ایک سیٹ جیت سکی۔سندھ اسمبلی کی 129 نشستوں میں سے پاکستان پیپلزپارٹی 76 نشستیں حاصل کرکے پہلے نمبر پر جبکہ تحریک انصاف 23 نشستوں کے ساتھ صوبے کی دوسری بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔ صوبے میں ایم کیوایم پاکستان 16نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس صرف 11 نشستیں حاصل کرسکا۔ سندھ اسمبلی تک کوئی بھی آزاد امیدوار رسائی حاصل نہ کرسکا تاہم تحریک لبیک پاکستان 2 اور متحدہ مجلس عمل نے ایک نشست حاصل کرلی ہے۔ خیبر پی کے کی 97 نشستوں میں سے تحریک انصاف نے 66 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے واضح برتری لے لی ہے جبکہ سیاسی حریف متحدہ مجلس عمل 10 نشستیں حاصل کرسکی۔ عوامی نیشنل پارٹی اور آزاد امیدوار6 ، 6 نشستوں کے ساتھ تیسرے (ن)لیگ 5 نشستوں کے ساتھ چوتھے اور پاکستان پیپلزپارٹی 4 نشستوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان سے 5حلقوں کے نتائج موصول ہوئے جس کے مطابق بلوچستان میں آزاد ارکان کی نشستیں5، جمہوری وطن پارٹی کی ایک، بی این پی عوامی 3، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کی 2 اور بلوچستان عوامی پارٹی کی نشستوں کی تعداد 15 ہے۔ قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیئے ڈالے گئے ووٹوں کا ٹرن آﺅٹ 51.85 فیصد رہا بلوچستان میں صوبائی نشستوں پر ڈالے گئے ووٹوں کا ٹرن آﺅٹ 44.79،خیبر پی کے کی صوبائی نشستوں پر ڈالے گئے ووٹوں کا ٹرن آﺅٹ 45.52،پنجاب کی صوبائی نشستوں پر ڈالے گئے ووٹوں کا ٹرن آﺅٹ 55.09جبکہ سندھ اسمبلی کی نشستوں پر ڈالے گئے ووٹوں کا ٹرن آﺅٹ 48.11 فیصد رہا۔
مکمل نتائج