مختلف شہروں میں بارش،چھتیں، آسمانی بجلی گرنے سے باپ،بیٹا جاں بحق، 8 زخمی

Jul 29, 2018

سرگودھا، پنڈداد نخان، پاکپتن ساہیوال، (نامہ نگاران)سرگودھا اور پنڈدادنخان میں بارش کے باعث مکانوں کی چھتیں گرگئیں جس کے نتیجے میں باپ بیٹا سمیت3افراد جاں بحق جبکہ 4زخمی ہوگئے۔ سرگودھا کے نواحی علاقے کوٹ راجہ میں بارش کے با عث مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں باپ بیٹا محمد مختار اور حامد جاں بحق ہوگئے، واقعہ میں 2افراد زخمی ہوئے۔پنڈ داد نخان میں بھی بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 12سال کا بچہ جاں بحق ہوگیا جبکہ میاں بیوی زخمی ہوگئے۔ پاکپتن کے نواحی علاقے سکندر چوک میں طوفانی بارش سے ٹیوب ویل کے کمرے پر بجلی گرنے سے چھت گر گئی جس سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔ ساہیوال میں بارش سے بجلی اور ٹیلیفون کا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ نشیبی علاقوں میںپانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہریوں نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور میئر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ شہر قائد میں سمندری ہوائیں 39 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے چل سکتی ہیں یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34ڈگری سینٹی گریڈ تک رہیگا۔شیخوپورہ شہر اور نواحی علاقوں میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔دوسری طرف گجرات، حافظ آباد، دیر، لکی مروت اور شبقدر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیزبارش ہوئی‘موسم خوشگوار ہوگیا۔دیامرمیں موسم ابرآلود رہنے کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ملکہ کوہسار مری اور گرد و نواح، آزاد کشمیر میں نکیال کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا۔استور میں 10روز سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے ، جس کے باعث نظام زندگی شدید متاثر ہے۔لوئر دیر میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ۔ہریالی میں بھی اضافہ ہوگیا۔

مزیدخبریں