محکمہ اطلاعات کرپشن کیس: شرجیل میمن پیش‘ ڈ ائریکٹر کے بیان پرجرح مکمل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے محکمہ اطلاعات کرپشن ریفرنس کی سماعت 11 اگست تک ملتوی کردی ہے ۔ہفتہ کو احتساب عدالت میں محکمہ اطلاعات میں پونے 6 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی جہاں سابق وزیر اطلاعات شرجیل میمن سمیت دیگر ملزمان کو پیش کیا گیا عدالت میں نیب کی گواہ ڈائریکٹر انفارمیشن زینت جہاں کے بیان پر عامر رضا نقوی کی جرح مکمل ہونے پر عدالت نے سماعت 11 اگست تک ملتوی کر دی‘ آئندہ سماعت پروکیل صفائی اظہر صدیقی ایڈووکیٹ جرح کریں گے۔ احتساب عدالت میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہاکہ میں اللہ کا شکر گزار ہوں جو اس نے مجھے انتخابات میں کامیاب کیا تمام منفی پروپیگنڈے کے باوجود پیپلزپارٹی کے جیالوں نے پارٹی کو کامیاب کرایا۔ لیاری میں شکست کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ لیاری اور پی ایس 11 لاڑکانہ میں شفاف الیکشن نہیں ہوئے ہم لیگل فورم پر جائیں گے جہاں جہاں دھاندلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خان صاحب کو پہلی بار اقتدار مل رہا ہے اب انھیں پتہ چلے گا کہ اپوزیشن میں بیٹھ کے بولنا آسان ہے عمران خان کیلئے چیلنج ہے کہ جو وعدے کئے اور خواب دکھائے وہ پورے کریں۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کے دوران مس مینجمنٹ ہوئی اس کا ذمہ دار الیکشن کمیشن ہے‘ وقت پر امیداروں کو فارم 45 نہیں دیا گیا دھاندلی کے باوجود بھی پیپلز پارٹی نے سندھ میں تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن