لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سیاست کو کرپشن سے آلودہ کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔ ماضی کا سیاہ دور قصہ پارینہ بن چکا ہے۔ سابق حکمران آج وہی کاٹ رہے ہیں جو انہوں نے اپنے دور میں بویا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہیں۔ باشعور عوام نے ملک کو کرپشن کرکے کنگال کرنے والوں کی سیاست کو کنگال کر دیا ہے۔ مسترد شدہ سیاست دانوں کو ذہن نشین کر لینا چاہیئے کہ پاکستان بدل چکا ہے۔ بدقسمتی سے سابق ادوار میں ملک کو بے دردی سے لوٹا گیا۔ ذاتی تجوریاں بھری گئیں اور عوام کے مسائل کو یکسر نظرانداز کیا گیا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی بار ملک کے طاقتور طبقے پر ہاتھ ڈالا ہے اور بڑے بڑے مافیا کو نکیل ڈالی گئی ہے۔ لوٹ مار کرنے والوں کو اپنے کئے کا جواب دینا ہوگا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں اربوں روپے کی واجب الادا رقوم، بھاری قرضے، تباہ حال انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت کی بدترین صورتحال سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کا شاخسانہ ہے۔ ماضی میں بڑے تسلسل سے ترقیاتی منصوبوں کا ڈھول پیٹا گیا لیکن ترقی کا یہ سفر صرف کھوکھلے نعروں تک محدود رہا۔ محدود وسائل کے باوجود پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے جامع پلان مرتب کیا ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ پنجاب زرعی صوبہ ہے اور کاشتکاروں کو سہولتیں دینے اور زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے نئی ایگریکلچر پالیسی نافذ کر دی گئی ہے جس کے تحت پروکیورمنٹ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم، ہیومن ریسورس انفارمیشن سسٹم اور منڈی ایپ متعارف کرائی جا چکی ہے۔ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی معاونت سے ماڈل آکشن مارکیٹ بھی متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ پنجاب میں دودھ و گوشت کی پیداوار بڑھانے کے لئے ’’پنجاب انیمل ہیلتھ ایکٹ2019ء ‘‘ لایا جا رہا ہے۔ حکومت بچھڑوں کے تحفظ اور دیہات میں پولٹری سکیم کے پراجیکٹ شروع کر رہی ہے۔ اسی طرح دریائے ستلج پر واقع اسلام بیراج کی توسیع کی جائے گی جس سے 10 لاکھ ایکڑ اراضی کو پانی میسر ہو گا۔ پنجاب بھر میں ایک ہزار میل سے زیادہ طویل کھالوں کی لائننگ کا منصوبہ ساڑھے 9 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ گریٹرتھل کینال چوبارہ برانچ میں تعمیراتی سرگرمیوں کو تیز تر کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح تریموں اور پنجند بیراج کی اپ گریڈیشن پر کام ہو رہا ہے۔
سیاہ دور قصہ پارینہ بن چکا، سیاست کو آلودہ کرنیوالوں کا کوئی مستقبل نہیں : عثمان بزدار
Jul 29, 2019