سعودی عرب کی حکومت عازمین حج وعمرہ کے لیے نت نئی سہولیات متعارف کروا کر فرزندان توحید کے سفر حجاز کو باسہولت بنانے کی کوششوں میں ہمہ تن مصروف رہتی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق حج کے موقع پر دنیا بھر سے آئے عازمین کو مملکت میں قیام کے دوران عموما اپنی زبان میں مدعا بیان کرنے میں بڑی دِقت پیش آتی ہے مگر سعودی حکومت نے عازمین حج کا یہ مسئلہ کافی حد تک حل کر دیا ہے۔سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر عازمین حج کی رہ نمائی کے لیے ایسے رضاکار اور مختلف زبانوں کے ماہر طلباءکی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو دوسرے ممالک سے آنے والے عازمین حج کو ان کی زبان میں رہ نمائی فراہم کر رہے ہیں۔پاسپورٹ ڈاریکٹوریٹ جنرل سعودی عرب کی طرف سے ہوائی اڈوں پر 10 سے زاید زبانوں کے ماہر تعینات کیے گئے ہیں جو دوسرے ممالک سے آنے والے عازمین کی رہ نمائی کرتے ہیں۔مملکت کے ہوائی اڈوں پر غیر ملکی زبانوں کے ماہرین اپنی متعلقہ زبان بولنے والوں کی رہ نمائی کرتے ہیں۔ اس طرح سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر انگریزی، ہسپانوی، انڈونیشی، جاپانی، فارسی، اردو اور ترکی کے ترجمان مقرر کیے گئے ہیں۔ یہ ترجمان ہوائی اڈوں کے مسافر خانوں میں عازمین حج کا استقبال کرتے اور ان کی زبان میں ان کی رہ نمائی کرتے ہیں۔