شادی ہالز کی بندش سے 6لاکھ سے زائدافراد بیروزگار ہوگئے، زبیر باویجہ

کراچی (کامرس رپورٹر )فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر زبیر باویجہ نے کہا ہے کہ کویڈ 19کی وجہ سے شادی ہالز بند ہونے سے پاکستان میں 6لاکھ سے زائد ڈیلی ویجز ملازمین بیروزگار ہو گئے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام جاری صورتحال کا سنجیدہ نوٹس لیں اورشادی ہال / لانز اور بینکویٹس کو بھی ایس او پیز کے تحت دیگر کاروباروں کی طرح دوبارہ کھول دیا جائے ۔یہ بات انہوں نے کراچی میرج ہال / لان / بینکویٹ ایسوسی ایشن کے ممبران کیساتھ فیڈریشن ہائوس میں منعقدہ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں لاک ڈاؤن کے باعث شادی ہالز مالکان کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیاجس میں ایسوسی ایشن کے صدر رانا رئیس احمد ،جنرل سیکریٹری خواجہ ایم طارق سمیت کراچی میرج ہال / لان / بینکویٹ ایسوسی ایشن کے دیگر نمائندگان بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر زبیر باویجہ نے کہا کہ کوویڈ 19 کے باعث میرج ہال / بینکوئٹس اور لان مالکان کو چیلنجز کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ میرج ہال ایسوسی ایشن کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق ، کراچی میں 800 کے قریب میرج ہال ، سندھ میں 1500 اور پورے ملک میں 13ہزار کے قریب ہالز ہیں کراچی میرج ہالز / لانز / بینکویٹس ایسوسی ایشن کے صدر رانا رئیس احمد نے میرج ہالزکی بندش پر تشویش کا اظہار کیا اور بتایا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت نے13مارچ سے شادی ہالز کو بند کر رکھا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن