لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)قومی ہاکی ٹیم کے سابق کوچ اولمپئن نوید عالم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان قومی کھیل ہاکی کو بچانے کیلئے کردار ادا کریں، اس وقت پی ایچ ایف میں سیٹوں کو بچانے کی بجائے قومی کھیل کو بچانے اور اسے محفوظ ہاتھوں میں دینے کا وقت آگیا ہے۔ پی ایچ ایف کے ذاتی پسند نہ پسند کے فیصلوں نے قومی ہاکی کھیل کا جنازہ نکال کر رکھ دیا ۔ احتساب صرف سیاست میں ہی نہیں بلکہ ہاکی فیڈریشن میں بھی ہونے کی اشد ضرورت ہے۔ فیڈریشن کو جو 80 کروڑ روپے کے جو فنڈز دیئے گئے ان کامکمل غیر جانبدارانہ و شفاف آڈٹ کروا کر کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف پی ایچ ایف کے قانون و آئین کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے، حکومت کی طرف سے عید کے بعد پی ایچ ایف کے معاملات کا ا ز سر جائزہ لینے کا معاملہ خوش آئند ہے ۔ پی ایچ ایف میں سالہا سے وہ لوگ براجمان اور مسلط ہیں جن کی وجہ سے قومی کھیل کی بربادی اور تباہی ہوئی ہے۔