کراچی (نیٹ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ کراچی میں 2 گھنٹے کی بارش کے بعد صورتحال سب کے سامنے ہے، عالمی ادارے سندھ حکومت کی کرپشن کیخلاف تحقیقات کر رہے ہیں، شہر ڈوب رہا تھا یہ زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹ رہے تھے۔ پیپلزپارٹی اپنے وزیروں کو دوپٹہ اوڑھائیں چوڑیاں پہنائیں اور گھروں میں بٹھا دے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نالوں کی صفائی کا فنڈ بے ضابطگی کی نظر ہوچکا ہے، ورلڈ بینک کی 100ارب روپے کی گرانٹ کہاں گئی، پیپلز پارٹی کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان کا نام بد نام ہو رہا ہے، سندھ میں 12 سال اقتدار کے باوجود پیپلزپارٹی کچھ نہ کرسکی۔ ہمیں وفاق سے بھی ناراضگی ہے، کیا جب لوگ سسک سسک کر مر جائیں گے تب کوئی ایکشن لیا جائے گا۔